واشنگٹن(نیشنل ٹائمز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی جبکہ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائے گا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے، آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلے مرحلے کی کامیابی ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی، تاہم اگر کوئی دوسرا فریق ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا بھی اس کے مطابق جواب دے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ مجوزہ دستاویز پر دستخط کر دے۔



