اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)دو روز سے ذرائع ابلاغ پر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں، لفظ فیٹف ٹوئٹر پر بھی ٹرینڈ کرتا رہا، پر کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ فیٹف اور اس کی گرے لسٹ کیا ہے اور یہ پاکستان کیلئے اتنی اہمیت کی حامل کیوں ہے؟ان سوالات کے جواب جاننے سے پہلے جمعے کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والے فیٹف اجلاس کے آخری روز کے اعلامیے کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے حالیہ اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے فیٹف کے صدر ڈاکٹر مارکوس پلیئر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے اصلاحات کو نافذ کیا ہے جو کہ خود اس کے استحکام اور سلامتی کیلئے اچھا ہے۔تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’آج پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا، اگر پاکستان on-site وزٹ کا مرحلہ کامیابی سے عبور کرلیتا ہے تو اسے گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔‘فیٹف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کرکے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائےگی۔اب جانتے ہیں کہ یہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کیا ہے؟فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) جسے فیٹف بھی کہا جاتا ہے یہ ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو 1989 میں قائم کیا گیا۔ امریکا، برطانیہ، جاپان، اٹلی، فرانس اور چین ابتدائی طور پر ایف اے ٹی ایف کے ممبر بنے اور ان ہی کی باہمی رضا مندی سے اس کا قیام عمل میں آیا۔ بعد ازاں اور بھی کئی ملک اس فنانس ایکشن ٹاسک فورس کے ممبر بن گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ تعداد 39 تک پہنچ گئی۔اس ادارےکا مقصد ان ممالک پر نظر رکھنا اور اقتصادی پابندیاں عائد کرنا ہے جو دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں تعاون نہیں کرتے اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیےگئے دہشت گردوں کے ساتھ مالی تعاون کرتے ہیں۔فیٹف کے بنیادی مقاصد دہشت گردی کے لیے ہونے والی فنانسنگ کو روکنا منی لانڈرنگ پر قابو پانافیٹف کی گرے لسٹ کیا ہے؟ فیٹف کی گرے لسٹ کا مطلب ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے اس فہرست میں شامل ممالک پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات پر ان ممالک کی پیشرفت کو جانچنے کے لیے نگرانی میں مزید اضافہ کیا ہے۔فیٹف اور پاکستان پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں تین بار شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کو پہلی بار 28 فروری 2008 کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا اور اہداف حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو ایشیا پیسیفک گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔تاہم جون 2010 میں مثبت پیش رفت پر پاکستان کو فیٹف کی نگرانی کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا لیکن 16 فروری 2012 میں پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا اور یہ 2015 تک اسی فہرست میں رہا۔پاکستان کو تیسری بار 2018 میں فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا اور تب سے اب تک یہ اسی فہرست میں ہے۔
فیٹف کی گرے لسٹ کیا ہے اور اس سے نکلنے سے پاکستان کوکیا فائدہ ہوگا؟



