اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کر جانے والی سماجی کارکن بلقیس ایدھی کی بیٹی الماس ایدھی کا کہنا ہے کہ والدہ کے بعد بھی ایدھی کے تمام پروگرام ویسے ہی چلیں گے۔بلقیس ایدھی کی صاحبزادی الماس ایدھی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ والدہ کے بعد بھابھی صبا ایدھی والدہ کی تمام تر ذمہ داری اٹھائیں گی۔گزشتہ روز فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کے بعد والدہ نے بہت سی چیزیں سنبھالی ہوئی تھیں، والدہ بہت کمزور تھیں، 2014سے دل کا عارضہ لاحق تھا۔انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب کے انتقال کے بعد والدہ نے مجھے بھی ہمت دی، میں اب اکیلا ہوگیا ہوں، انہوں نے سب سنبھالا ہوا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان کے نامور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج چل بسیں، جہاں وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔رمضان سے 2 دن پہلے انہیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، اس کے بعد سے وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
بلقیس ایدھی کی جگہ کون لے گا؟



