اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی آکسفرڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کر لی ہے۔چوبیس برس کی ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنی گریجویشن کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں اپنے شوہر، والدین اور دوستوں کے ساتھ خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ملالہ کے شوہر عصر ملک نے آکسفرڈ یونیورسٹی کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم پہلی مرتبہ ملے۔اپنی بیوی کی اعلیٰ تعلیم کی تکمیل پر ان کا مزید کہنا تھا کہ ملالہ کی گریجویشن کے دن یہ اور اہم مقام بن گیا ہے۔ملالہ کے والد ضیاالدین یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور شکر ادا کرنے کا موقع ہے۔ملالہ یوسف زئی کی گریجویشن کی تقریب کا انعقاد مئی 2020 میں ہونا تھا البتہ کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تقریب ملتوی کر دی گئی تھی۔آکسفرڈ یونیورسٹی نے گریجویشن کی تقریبات اس برس ستمبر میں دوبارہ شروع کی تھیں اور جمعے کو ملالہ یوسف زئی نے اپنی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کی۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی آکسفرڈ سے تعلیم مکمل



