اسلام آباد،لاہور(نیشنل ٹائمز)وفاقی وزرا نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکمرانی نے سندھیوں کا خون نچوڑ لیا ،کیا بلاول کے ہاتھ صاف ہیں ؟وزیر مملکت برائے داخلہ امور طلال چو دھری نے کہا ہے کہ بلاول آئین کے چیمپئن بنتے ہیں لیکن ان کی آئین پر پرفارمنس زیرو ہے ، حضرت عمرؓ پر سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمن پر کیوں نہیں؟ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو آئین کے چیمپئن بنتے ہیں اور جمہوریت کے لیے لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں،آئین یہ نہیں کہتا کہ اپنی پسند کی شقوں کو ٹھیک اور باقی کو غلط قرار دیا جائے ۔ آپ نے کہا سندھ کی گلیوں میں خون بہے گا، آپ کی 18 سال کی حکمرانی نے سندھیوں کا خون نچوڑ لیا ہے ، پہلے دیکھ لیں سندھیوں میں خون بچا بھی ہے یا نہیں، بلاول نے کہا کوئی شرم حیا ہونی چاہیے ، یہ شرم یا حیا انہیں اپنے گورنر کو دلانی چاہیے ، سب سے پہلا جملہ ان کے گورنر نے مولانا فضل الرحمن کیلئے بولا تھا۔
انہوں نے کہا کہ3 صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، 3 صوبوں کے سربراہ ان کے ہیں، اس کے باوجود بلاول ایسا تاثر دیتے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں، یہ ایسے ہی ہے جیسے 5 بچوں کی پیدائش کے بعد خاتون اپنے شوہر سے کہے کہ مجھے محبت نہیں ملی،وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چو دھری نے ایکس پر لکھا کہ ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں بلکہ آئین میں موجود ایک جمہوری راستہ ہے پھر اس پر ہچکچاہٹ کیوں؟ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص انصاف اور برابری کا مطالبہ کرتا ہے ، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہئیں۔ انہوں نے بلاول سے سوال کیا کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟ ،ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب، آپ نے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی، لیکن عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی نظام کو ازسرنو ترتیب نہیں دیا جا سکتا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول صاحب، آپ کی جماعت سندھ میں 18 سال سے اقتدار میں ہے ۔ سندھ تو گویا جنت بن گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کرنے کی مخالفت جبکہ پنجاب کی تقسیم کے حق میں بات کرتی ہے ، سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کس بنیاد پر ہوگی، صوبوں کی بات کرنا غیر آئینی کیسے ہے ؟ ،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان میں تضاد ہے ، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ایک صوبے کی تقسیم کی بات کریں اور دوسرے صوبے میں یہ بات کرنا ممنوع ہو، وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 18 برسوں سے پیپلز پارٹی کی حکمرانی ہے لیکن اس کے باوجود شہری علاقوں کے عوام کو ان کا آئینی 40 فیصد کوٹہ بھی نہیں دیا جا رہا، پاکستان بچانے کے لیے نئے صوبے ناگزیر ہیں، خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو ذمہ داری بلاول پر ہوگی ۔



