اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان اور آسیان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، پاکستان آسیان کے ساتھ شراکت داری آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع موجود ہے، دونوں کے درمیان اقتصادی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کی مشترکہ منڈی میں تقریباً 95 کروڑ افراد شامل ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔
ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ اور پائیدار زراعت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں، پاکستان آسیان ریجنل فورم میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قانون کی پاسداری علاقائی اور عالمی امن کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔



