اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل کی تیاری کیلئے وکلا کو 7 روز کی مہلت دے دی، جبکہ بشریٰ بی بی کو جیل میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے اور ماہر ڈاکٹر سے علاج کرانے کا حکم دیا ہے ۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔ لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے بشریٰ بی بی کی نئی متفرق درخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ صحت کا معاملہ متعلقہ فورم دیکھے گا، تاہم عدالت اپنے اختیار میں رہتے ہوئے مکمل انصاف فراہم کرے گی۔ جیل رولز کے مطابق انہیں تمام طبی سہولیات ملنی چاہئیں۔لطیف کھوسہ نے درخواست کا متن پڑھتے ہوئے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے مطابق ان کی بیرک سے سات چھوٹے سانپ برآمد ہوئے تھے ، جنہیں جیل اہلکار نے مارنے کے بعد جگہ پر سیمنٹ لگا دیا۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے ان کی بات سن لی ہے اور درخواست پر حکم جاری کیا جا رہا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے ، انہیں ہسپتال سے ماہر ڈاکٹر فراہم کیا جائے اور علاج سمیت تمام ممکنہ سہولیات جیل رولز کے مطابق مہیا کی جائیں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی موجودہ کیفیت میں بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ سرجری کے بعد جیل میں انفیکشن کا خطرہ بھی موجود ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ مفروضے ہیں کہ ایسا ہو جائے گا تو ویسا ہو جائے گا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالت ضمانت دے دے تو بھی بشریٰ بی بی عدالتی کسٹڈی میں رہیں گی۔ اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ اپیلوں پر دلائل دیں، وہ بری بھی تو ہو سکتی ہیں۔بعدازاں عدالت نے سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے تیاری کیلئے مہلت مانگی تو نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ کیس کی تیاری کے بجائے خط لکھنے میں وقت گزارا گیا ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور قابل احترام ہیں، ان کے بھی اپنے مسائل ہیں۔ عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو تیاری کیلئے 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔



