ماسکو،منیلا(نیشنل ٹائمز)روسی صدر پیوٹن کئی برسوں سے عالمی طاقتوں کے درمیان ایک ایسی بڑی کانفرنس کے خواہاں رہے ہیں، جس میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی تاریخی کانفرنسوں کی طرز پر دنیا کے نئے سیاسی اور تزویراتی اثرورسوخ کے دائرے متعین کیے جا سکیں، جبکہ یورپ کے چھوٹے ممالک اور یوکرین کو فیصلوں کے عمل سے باہر رکھا جائے ۔ رواں ہفتے روسی رہنما کی یہ خواہش پوری ہونے جا رہی ہے ، جب وہ امریکی صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ چین کے شہر شینزن میں سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔تینوں رہنما ایسے وقت میں ملاقات کر رہے ہیں جب یوکرین میں روسی فوجی کارروائی پانچویں سال میں داخل ہو چکی ہے ، ماسکو میں اس سہ فریقی ملاقات کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔
پیوٹن کے معاون یوری اوشاکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کی اہمیت اور علامتی حیثیت کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا بھی ممکن نہیں۔کئی ہفتوں تک اس ملاقات کے انعقاد کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہی،کریملن اس اجلاس کو نئے عالمی نظام کی تشکیل کی جانب اہم قدم قرار دے رہا ہے ۔دوسری جانب ٹرمپ منگل کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے ، جہاں علاقائی سربراہی اجلاس میں ان کی شرکت کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔2 ہزار مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹرمپ کی مخالفت اور امریکی تجارتی پالیسیوں کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ ٹرمپ فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل سکیورٹی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چین کے شہر شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر سے علیحدہ دوطرفہ ملاقات کرنا چاہیں گے ۔ منگل کو منیلا میں کواڈ سکیورٹی اتحاد کے رکن ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر ملاقات کا موقع دستیاب ہوا تو وہ ضرور پیوٹن سے ملیں گے ۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن چین میں ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ کم جونگ اُن ملاقات کے خواہش مند ہیں، تاہم دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے فلپائن میں دو برس کے بعد ہونے والے کواڈ کے پہلے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس گروپ کا آخری اجلاس 2024 میں امریکی ریاست ڈیلاویئر میں بائیڈن کی صدارت کے دوران ہوا تھا۔ اجلاس میں امریکی صدر کے علاوہ جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی، آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی شریک ہوئے ۔ ٹرمپ آج بدھ کوچین روانہ ہوں گے جہاں وہ ایشیا پیسیفک رہنماؤں کے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔کواڈ اجلاس سے قبل میڈیا کی جانب سے جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کے حوالے سے سوال پر پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارے ان لوگوں اور ان ممالک کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔شروع ہی سے ہمارے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں ،یہ میرے دوست ہیں، مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھاوہ بہت سخت آدمی ہیں، اور جاپانی وزیرِ اعظم شاید ان سے بھی زیادہ سخت ہیں۔ پھر آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز کی طرف رخ کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزاحیہ انداز میں کہا اور ہم،ہم ٹھیک ہیں۔



