اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی پر قائم ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم سیاہ کشمیر کے اس پُرغم موقع پر ہم 27 اکتوبر 1947ء کے واقعات کو گہرے رنج و غم کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جب بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں اور یوں جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک طویل اور المناک باب کا آغاز ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بے پناہ مشکلات برداشت کی ہیں، جن میں بنیادی آزادیوں پر پابندیاں، انسانی حقوق سے متعلق سنگین مسائل اور شدید مصائب شامل ہیں، ان تمام مشکلات کے باوجود وہ اپنے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں و کشمیر کے مسئلے پر متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے، پاکستان مسلسل اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ یہ قراردادیں تنازع کے حل کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس دیرینہ تنازع کے منصفانہ، پُرامن اور پائیدار حل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے عالمی برادری کے اہم کردار پر بھی زور دیا ہے۔



