صنعا (شِنہوا) حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب اور جنوبی یمن میں نئے میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کے بعد پیر کی صبح سعودی عرب نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کئے ہیں۔
حوثیوں کے زیر انتظام چلنے والے المسیرہ ٹی وی نے ان فضائی حملوں کو صنعا پر سعودی جارحیت قرار دیا۔ مقامی رہائشیوں نے شِنہوا کو بتایا کہ انہوں نے پورے شہر میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنیں تاہم حملوں کا نشانہ بننے والی جگہوں، جانی نقصان اور تباہی کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
یہ فضائی حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب سعودی قیادت میں اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں تیزی آ چکی ہے۔ واضح رہے کہ حوثی گروپ یمن کے دارالحکومت اور ایک بڑے علاقے پر قابض ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے پیر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری دو الگ الگ بیانات میں بتایا کہ ان کے گروپ نے سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔
سریع کا کہنا تھا کہ میزائل نے ایئرپورٹ کو بالکل درست نشانہ بنایا۔ حوثی فورسز نے سعودی عرب کی شرقاً غرباً پائپ لائن پر واقع خام تیل کے پمپنگ سٹیشنوں کو بھی متعدد ڈرونز سے نشانہ بنایا اور تمام اہداف کامیابی سے حاصل کئے ہیں۔ سعودی حکام کی طرف سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
سریع نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ حوثیوں نے دو کارروائیوں میں جنوبی یمن کے شہر عدن کے علاقے صلاح الدین اور پڑوسی صوبے لحج کے علاقے الواحط میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ فورسز کے فوجی اجتماع اور اسلحہ کے گوداموں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان حملوں میں متعدد بیلسٹک میزائل استعمال کئے گئے جن کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے جبکہ فوجی گاڑیاں اور اسلحہ کے گودام تباہ یا نذر آتش ہو گئے۔
یہ تازہ ترین پیش رفت حوثیوں اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم کے تناظر میں سامنے آئی ہے جسے سعودی زیر قیادت اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔
اس بڑھتی کشیدگی میں حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر اتحادی افواج کے دوبارہ فضائی حملے جبکہ سعودی عرب کے اندرونی علاقوں کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملے شامل ہیں۔
یمن 2014 کے آخر سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جب حوثیوں نے صنعا اور ملک کے شمالی حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سعودی زیر قیادت اتحاد نے 2015 میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کے لئے مداخلت کی تھی۔
حوثیوں کے ریاض پر حملوں کے دعوے کے بعد صنعا پر سعودی فضائی حملے



