تہران (شِنہوا) ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اس نے حالیہ گھنٹوں میں خلیج فارس میں قانون شکنی کرنے والے 4 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ بدھ کی رات آبنائے ہرمز کے مغرب میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد مزید 3 خلاف ورزی کرنے والے جہازوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔
آئی آر جی سی کے سرکاری خبر رساں ادارے سپاہ نیوز کی جانب سے جاری بیان میں بحریہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایک غیر قانونی راستے سے گزرنے والے نشانہ بنائے گئے 4 جہازوں کی شمالی وسطی خلیج میں نشاندہی کی گئی اور انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں تیل منتقل کیا جا رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں بحری جہازوں کو ایک بار نشانہ بنا کر آگ لگا دی گئی، بحری کمپنیوں کو آبنائے ہرمز میں غیر قانونی راستوں سے نہ گزرنے کے لئے خبردار کیا گیا تھا۔
بحریہ نے کہا کہ گزشتہ رات بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے والے 3 جہازوں میں آگ لگ گئی اور وہ رکنے پر مجبور ہو گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جہازوں کو غیر قانونی اور بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے پر اکسانے کی امریکی حکومت کی ضد کی وجہ سے بحری حادثات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ اگر امریکی فوج نے یہ سلسلہ جاری رکھا تو یہ تصادم خطے میں اس کے فوجی اڈوں تک پھیل سکتا ہے۔
بحریہ نے کہا کہ اس کے دستے اب بھی آبنائے ہرمز کی نگرانی کر رہے اور کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔
آبنائے ہرمز کے گرد و نواح میں قانون شکنی کرنے والے 7 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، آئی آر جی سی



