کراچی(نیشنل ٹائمز) مہنگی ایل پی جی خریدنے والوں کیلئے اچھی خبر ہے، آئندہ ایک سے دو روز میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 50 روپے تک بڑی کمی کا امکان ہے۔
کنوینئر ایف پی سی سی آئی ایل پی جی سٹینڈنگ کمیٹی علی حیدر کے مطابق 16 اکتوبر تک لوڈ کیے گئے ایرانی ایل پی جی باؤزرز کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی ہے، تقریباً 900 باؤزرز کی آمد سے ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہو جائے گی۔
علی حیدر کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں فوری کمی شروع ہو جائے گی، اوگرا کا ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کا فارمولا درست نہیں، قیمتوں کا تعین ماہانہ کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں پاکستان نے ایل پی جی کے پانچ جہاز درآمد کیے، مجموعی طور پر 22 ہزار ٹن ایل پی جی پاکستان درآمد کی گئی۔
علی حیدر کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی کی مجموعی یومیہ طلب 12 سے 13 ہزار ٹن ہے جبکہ کراچی میں روزانہ 4 سے 5 ہزار ٹن ایل پی جی استعمال ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایل پی جی کی مجموعی کھپت کا 40 فیصد کمرشل جبکہ 30 فیصد صنعتی شعبے میں استعمال ہوتا ہے۔



