بیجنگ (شِنہوا) چین نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی پاسداری کرے اور چینی برقی گاڑیوں (ای ویز) کے خلاف پابندیوں کے اقدامات کرنے میں یورپی یونین کی پیروی سے گریز کرے۔
چین کی وزارت تجارت کے ایک ترجمان نے یہ بیان ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کے ردِعمل میں دیا جن کے مطابق ایک برطانوی وزیر نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے شعبے میں چین کی ’’بالادستی‘‘ سے نمٹنے کے لئے برطانیہ اور یورپی یونین کو مل کر اقدامات کرنے چاہئیں اور یہ کہ برطانیہ اب بھی اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ چینی برقی گاڑیوں پر محصولات میں اضافے کے معاملے پر بات چیت کر رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان گاڑیوں کی صنعت میں تعاون ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے، برابری اور باہمی مفاد کے اصولوں پر مبنی ہے۔ دونوں ممالک اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہیں۔
ترجمان نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے اچھی طرح سوچ لے اور یورپی یونین کے اشاروں پر نہ ناچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین برطانیہ کے اقدامات پر گہری نظر رکھے گا اور اگر برطانیہ چینی برقی گاڑیوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر بضد رہا تو چین اپنی صنعتوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جوابی اقدامات کرے گا۔
چین کا برطانیہ کو چینی برقی گاڑیوں پر یورپی یونین طرز کے محصولات عائد کرنے پر انتباہ



