لاہور(نیشنل ٹائمز)پنجاب میں کتے کے کاٹنے سے لاحق مہلک بیماری ریبیز سے ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا، لاہور کے میو ہسپتال میں 70 سالہ شخص کے دم توڑنے کے بعد رواں ماہ ریبیز سے یہ تیسری موت رپورٹ ہوئی ہے ۔ جڑانوالہ کا رہائشی 70 سالہ انور دو ماہ قبل کتے کے کاٹنے کا شکار ہوا تھا، متاثرہ شخص پہلے ڈی ایچ کیو ننکانہ صاحب میں داخل ہوا اور طبیعت بگڑنے پر اسے 17 اکتوبر کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال لاہور ریفر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مریض میں ریبیز کی واضح علامات ظاہر ہو چکی تھیں،اسے فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا جہاں دو دن زیر علاج رہنے کے بعدجانبر نہ ہو سکا۔ڈاکٹرز کے مطابق ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد مریض کا بچنا تقریباً ناممکن ہے اور بروقت ویکسی نیشن ہی اس موذی مرض سے بچاؤ کا واحد حل ہے ۔واضح رہے رواں ماہ پنجاب میں ریبیز سے اس تیسری ہلاکت نے آوارہ کتوں کی تلفی مہم اور سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی دستیابی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔
کتے کے کاٹنے سے ریبیز، ایک اور شہری جاں بحق



