بیجنگ (شِنہوا) چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ (چائنہ ریلوے) نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ چین اپنے قومی ٹرین نمبر دینے کے نظام میں تبدیلی کرے گا اور مستقبل میں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے چلنے والی ٹرینوں کے لئے نئی ’’ایکس‘‘ سیریز متعارف کرائے گا۔
یہ تبدیلی نومبر کے آخر اور دسمبر کے آخر میں دو مرحلوں میں نافذ کی جائے گی۔ چائنہ ریلوے کے مطابق اس تبدیلی کے بعد بھی ٹرینیں موجودہ نظام الاوقات کے مطابق چلتی رہیں گی۔
چائنہ اکیڈمی آف ریلوے سائنسز کارپوریشن لمیٹڈ (سی اے آر ایس) کے چیف محقق ژاؤ ہونگ وی نے بتایا کہ چین کی جدید ترین تیز رفتار ٹرین ’’فوشینگ سی آر 450‘‘ الیکٹرک ملٹی پل یونٹ (ای ایم یو) نے مارچ 2026 تک اپنی تمام اقسام کے آزمائشی ٹیسٹ مکمل کر لئے تھے۔ اس ٹرین کی آزمائشی رفتار 450 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ معمول کی آپریشنل رفتار 400 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آپریشنل رفتار کے لحاظ سے یہ اس وقت دنیا کی تیز ترین تیز رفتار ٹرین ہے۔
سی آر 450 اس رفتار سے چلتے ہوئے تقریباً اتنی ہی بجلی استعمال کرتی ہے جتنی موجودہ تیز رفتار ٹرینیں استعمال کرتی ہیں۔ ژاؤ نے بتایا 400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے پر سی آر 450 فی کلومیٹر 22 کلو واٹ گھنٹے سے کم بجلی استعمال کرتی ہےجبکہ چائنہ اکیڈمی آف ریلوے سائنسز کے اعداد و شمار کےمطابق 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرینیں فی کلومیٹر 19.5 سے 23.5 کلو واٹ گھنٹے بجلی استعمال کرتی ہیں۔
چائنہ ریلوے کے نظام میں ٹرین کے نمبر سے پہلے درج حروف اس کی رفتار کے زمرے یا سروس کی نوعیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ نئی تبدیلی کے بعد 350 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے چلنے والی ٹرینوں کے لئے نئی ایکس سیریز استعمال کی جائے گی، جبکہ جی، ٹی اور کے سیریز بالترتیب 350 کلومیٹر فی گھنٹہ، 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 200 سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار والی ٹرینوں کے لئے مختص ہوں گی۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران چین کا ریلوے نیٹ ورک مسلسل پھیلتا رہا ہے اور ٹرینوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2014 سے 2025 کے دوران 300 سے 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز رفتار ٹرینوں کے سیٹس کی تعداد 209 فیصد بڑھ کر 1,018 سے 3,149 معیاری سیٹس تک پہنچ گئی۔اس پس منظر میں ٹرینوں کے نمبر دینے کے بعض موجودہ سلسلے دستیاب نمبروں کی حد کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق نئے نظام کا ایک اہم مقصد اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔
چین میں ٹرینوں کے نمبر دینے کا نظام تبدیل کرنے اور تیز رفتار ٹرینوں کے لئے ایکس سیریز متعارف کرانے کا فیصلہ



