امریکہ کی 8 ریاستوں کا چیٹ جی پی ٹی سے متعلق مبینہ حفاظتی خطرات پر اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ

سان فرانسسکو (شِنہوا) امریکہ کی 8 ریاستوں کے اٹارنی جنرلز نے اوپن اے آئی کے خلاف الگ الگ مقدمات دائر کئے ہیں۔ ان میں مصنوعی ذہانت کی اس کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی بچوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور کمپنی اس کی حفاظت کے بارے میں صارفین کو گمراہ کر رہی ہے۔
یہ مقدمات ریاستوں آئیووا، کنساس، نیبراسکا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس، ایریزونا، آئیڈاہو اور مونٹانا نے ریاستی عدالتوں میں الگ الگ دائر کئے، یہ کارروائی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی ریاستوں کی مشترکہ قانونی کوشش کا حصہ ہے۔
ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کی جانب سے جاری بیانات اور عدالتی دستاویزات کے مطابق اوپن اے آئی پر الزام ہے کہ اس نے چیٹ جی پی ٹی کو اس انداز میں تیار کیا کہ وہ صارفین کی باتوں سے حد سے زیادہ اتفاق کرتا ہے اور انسانی ہمدردی کا اظہار کرنے کی نقل کرتا ہے۔ اس سے صارفین چیٹ بوٹ پر اعتماد کرنے لگتے ہیں اور اس کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔
مقدمات میں الزام لگایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی غیر حقیقی یا وہمی خیالات کو تقویت دے سکتا ہے، طبی معاملات میں خطرناک مشورے دے سکتا ہے اور بعض صورتوں میں صارفین کو خود کو یا دوسروں کو نقصان پہنچانے کی ترغیب بھی دے سکتا ہے۔
ریاستوں نے اوپن اے آئی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کی حفاظت کے بارے میں صارفین کو گمراہ کر رہی ہے اور اس سے وابستہ معلوم خطرات کو مناسب طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ طرز عمل ریاستی قوانین برائے تحفظ صارفین کی مبینہ خلاف ورزی ہے۔
مقدمات میں عدالتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اوپن اے آئی کو چیٹ جی پی ٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کرنے اور صارفین کے تحفظ کے اقدامات مضبوط بنانے کا حکم دیں۔ اس کے علاوہ دیوانی جرمانوں اور ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
بعض مطالبات میں یہ بھی شامل ہے کہ ایسے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیاری پر پابندی لگائی جائے جو خود کو بہتر بنا سکتے ہیں جب تک یہ ثابت نہ ہو جائے کہ یہ ماڈلز انسانی اقدار کے مطابق کام کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے ترجمان ڈریو پوسیٹیری نے کہا کہ کمپنی نے عمر کے لحاظ سے حفاظتی اقدامات متعارف کرائے ہیں، جن میں والدین کے کنٹرول کی سہولت، وقفہ لینے کی یاد دہانیاں اور صارفین کی عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
پوسیٹیری نے کہا کہ کمپنی حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے اور پوری صنعت پر لاگو ہونے والی مصنوعی ذہانت کی پالیسیوں کی تیاری میں ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لئے ماہرین کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔
یہ مشترکہ قانونی کارروائی جون میں فلوریڈا کے اٹارنی جنرل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی سے وابستہ مبینہ حفاظتی خطرات پر دائر کئے گئے مقدمے کے بعد سامنے آئی ہے۔



  تازہ ترین   
تہران اجلاس: پاکستان سمیت چار ممالک کا علاقائی امن کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق
صدر، وزیراعظم کا یوم سیاہ کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، شہداء کو خراج عقیدت پیش
مشکلات کے باوجود کشمیری اپنے عزم، حوصلے، ثابت قدمی پر قائم ہیں: اسحاق ڈار
مصر کا دفاعی معاونت کیلئے اہم فیصلہ، سعودیہ کو فوجی امداد کی منظوری دیدی
پاکستان کا سعودیہ کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
پیپلزپارٹی نے اتفاق رائے پیدا کیا، جنوبی پنجاب صوبہ بننا چاہئے: یوسف رضا گیلانی
سٹیٹ بینک نے شرح سود میں 0.50 فیصد اضافہ کردیا، شرح 12 فیصد مقرر
افغان طالبان کے الزامات بے بنیاد، دہشت گردی کے خلاف دفاع پاکستان کا حق ہے: دفتر خارجہ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر