کراچی (نیشنل ٹائمز) ملک بھر میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرگئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 52 لاکھ سے زائد افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال اب تک 45 لاکھ سے زائد غیر تنخواہ دار افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، جبکہ تنخواہ دار طبقے سے تعلق رکھنے والے 22 لاکھ سے زائد افراد بھی اپنے گوشوارے جمع کراچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت بھی تاجروں کی جانب سے رجسٹریشن اور گوشوارے جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 1,473 تاجروں نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، جن میں 137 نئے جبکہ 1,336 پہلے سے رجسٹرڈ تاجر شامل ہیں۔
مزید برآں، خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت 2,875 دکانداروں نے رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



