ساہیوال(نیشنل ٹائمز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے آج پنجاب اے آئی دور میں داخل ہو رہا ہے تو خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔
ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا جو کہتے تھے کہ عوام کو شعور دیا، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کردیں، پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی، انہوں نے خود اپنی حکومت ختم کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کے ختم ہونے پر ختم ہوا، کبھی دیکھا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہوجائے، پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کو کھا گیا، اب خیبرپختونخوا والوں کو پتا چلے گا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا خدمت کا جذبہ میں گھر سے لے کر نکلی ہوں، نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا ہے، کراچی سے کل کچھ افسران آئے، پنجاب کے تمام محکموں میں عوام پر توجہ نظر آئی، جو دوسرے صوبوں سے آتا ہے وہ پنجاب کی تعریف کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پنجاب میں 3000 الیکٹرک بسیں چلیں گی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ آج بھی بیس روپے ہے، پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلیں گی، پنجاب میں شاید ہی کوئی منصوبہ ہو جس میں نوجوانوں کو شامل نہ کیا ہو، آپ کو جو سکوٹیز مل رہی ہیں ان کی قسط 3000 روپے رکھی ہے تاکہ کسی پر بوجھ نہ ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اے آئی لیب بن رہی ہیں، آج پنجاب اے آئی کے دور میں داخل ہو رہا ہے تو خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ بنی تو معلوم ہوا کہ 80 فیصد جامعات میں وائس چانسلر ہی نہیں، آج ایک ایک یونیورسٹی میں میرٹ پر وائس چانسلر تعینات ہے، سفارش اگر میرے گھر سے بھی ہو تو نہیں مانتی، پنجاب میں حکومت چل کر عوام کے پاس جاتی ہے، میرا مشن ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو سہولت اس کی دہلیز پر ملے، پنجاب میں دوائیاں گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر دی جاتی ہیں۔



