تہران،واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)ایران نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی7 شرائط پر امریکی جواب موصول ہو گیا۔ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ایکس پر بتایا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں تجویز پر امریکی جواب موصول ہونے کی تصدیق کی،کابینہ اجلاس کے دوران عراقچی نے اپنے حالیہ نیویارک کے دورے سے بھی آگاہ کیا، سرکاری میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کابینہ کے اجلاس میں امریکی جواب صدر مسعود پزشکیان کو پیش کیا۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی صورتحال بہت خراب ہے ، نہیں معلوم کہ وہ ابھی ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں۔وائٹ ہاؤس میں اے آئی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد گفتگو میں ٹرمپ نے کہاکہ ہمیں مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں برتری حاصل ہے اور ہم اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں منگل کو تین بحری جہاز نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آگئے ۔ متاثرہ جہازوں میں خام تیل بردار ٹینکر، ایل این جی ٹینکر اور ایک تیسرا بحری جہاز شامل ہے ۔قطر نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں پیش رفت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثالثی کی کوششوں کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان مشترکہ بنیاد تلاش کرنا اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانا ہے ۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے منگل کو کہاتھا کہ فریقین کے درمیان پیغامات کے تبادلے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ادھر ایران میں حکومت مخالف احتجاج سے متعلق مقدمات میں دو افراد کو بدھ کے روز پھانسی دے دی گئی۔ علی ہمتی اور مجید نیک اندیش کو جنوری میں مشہد میں ہونے والے احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔
ہرمز دوبارہ کھولنے کی7شرائط پر امریکی جواب موصول :ایران



