نئی دہلی(نیشنل ٹائمز)بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف ’’جمہوریت بچاؤ‘‘ احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کو ’’ووٹوں کی چوری‘‘ قرار دیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے مطابق اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کریں گے ، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ایک اخباری تحقیق میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ووٹر فہرستوں پر نظرثانی سے متعلق بعض اہم فیصلے ممکنہ طور پر تین میں سے دو الیکشن کمشنروں کی منظوری کے بغیر کیے گئے ، الیکشن کمیشن نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے قانون کے مطابق ہیں اور نظرثانی کا مقصد جعلی و دہری ووٹر اندراجات روکنا تھا۔
بھارتی اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان



