واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے واشنگٹن ڈی سی کے باہر کوانٹیکو میرین بیس میں فوجی رہنماؤں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی فوجیوں کو ایران کی ’’روایتی دفاعی ڈھال‘‘ اور جوہری عزائم کو مفلوج کرنے کا کریڈٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں موجود ان امریکی فوجیوں اور ان کے ساتھیوں نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت سمیت اس کے پورے دفاعی شعبے کو تباہ کر دیا ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران کی روایتی دفاعی ڈھال مفلوج ہو چکی ہے جبکہ اس کے جوہری عزائم بھی مفلوج ہو کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ آپ لوگوں کا یہ گروپ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
ہیگسیتھ نے کہا کہ پینٹاگون ماضی کے مقابلے میں ’واضح تبدیلی سے گزرا ہے اور اب اس کا واحد مشن جنگ لڑنے کی صلاحیت پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ دفاع نے فوج میں موجود تقریباً 10 فیصد جنرلز اور ایڈمرلز کو برطرف کیا ہے۔ ان کے بقول یہ اقدام ’’احتساب‘‘ کے لیے کیا گیا، نہ کہ ’’صفایا‘‘ جس طرح بعض میڈیا اداروں نے اسے قرار دیا ہے۔



