ٹوکیو (شِنہوا) جاپان کے جنوب مغربی اوکیناوا پریفیکچر میں واقع قصبے کادینا کے میئر نے کادینا ایئر بیس پر درمیانے فاصلے کے امریکی ٹائفون میزائل سسٹم ذخیرہ کرنے کے منصوبے کے خلاف احتجاج کے لئے جاپانی وزارت دفاع کے اوکیناوا ڈیفنس بیورو کا دورہ کیا۔
کیوڈو نیوز کے مطابق میئر ہیروشی تویاما نے بیورو کو ایک تحریری درخواست جمع کرائی جس میں یہ منصوبہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس منصوبے میں مقامی رہائشیوں کے جذبات کو نظر انداز کیا گیا ہے، یہ انتہائی مضحکہ خیز اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔
تویاما نے اس بات کی نشاندہی کی کہ چونکہ ذخیرہ کرنے کی کوئی مدت متعین نہیں کی گئی اس لئے انہیں خدشہ ہے کہ یہ انتظام مستقل اور باضابطہ تنصیب میں بدل سکتا ہے۔
اوکیناوا ڈیفنس بیورو نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ کاگوشیما پریفیکچر کے کانویا ایئر بیس پر اس وقت نصب امریکی ٹائفون میزائل سسٹم اکتوبر کے وسط تک کادینا ایئر بیس پر منتقل کرکے وہاں ذخیرہ کرنے کا منصوبہ ہے۔
کیوڈو نیوز نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ ٹائفون سسٹم ٹوماہاک کروز میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے جاپان، امریکہ و دیگر ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کے لئے کانویا ایئر بیس پر تعینات کیا گیا تھا۔
جاپان میں ٹائفون سسٹم کی تنصیب پر پڑوسی ممالک کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
جاپانی علاقے اوکیناوا کا قصبہ امریکی ٹائفون میزائل سسٹم ذخیرہ کرنے کے منصوبے کے خلاف سراپا احتجاج



