کراچی (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک نظامِ حکمرانی نہیں بلکہ عوام کا یہ حق ہے کہ وہ اپنے نمائندے منتخب، اپنے مستقبل کا تعین اور اقتدار میں موجود افراد کا محاسبہ کرسکیں۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وطنِ عزیز میں جمہوریت کی شمع کو بجھانے کی بارہا کوششوں کے باوجود پیپلز پارٹی سمیت بے شمار جمہوری قوتوں اور سیاسی کارکنوں کی قربانیوں نے اسے روشن رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہمارے شہداء کی میراث اور آنے والی نسلوں سے ہمارا وعدہ ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کو بااختیار بنانے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔ ان کی جدوجہد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ کوئی بھی قوت عوام کی آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش نہیں کر سکتی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، آئینی بالادستی، سماجی انصاف، مساوات اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے تمام جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ آمرانہ سوچ کے خلاف متحد رہیں اور آئین، پارلیمان اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کے عوام کے حق کا تحفظ کریں۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ بیرونی سازشوں سے تقویت پانے والی غیر جمہوری قوتوں نے بارہا جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے شہداء کی جمہوری میراث کے تحفظ کے عہد کی تجدید کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ عوام کا مینڈیٹ ہمیشہ مقدم رہے اور جمہوریت کو دوبارہ کبھی اقتدار کی کشمکش کی بھینٹ نہ چڑھنے دیا جائے۔



