اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کے سٹیٹ بینک کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ کم شرح سود کی بھی ضرورت ہے۔ شرح سود میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے تاکہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
پیر کو اپنے بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کاروباری برادری کی توقعات کے مطابق نہیں، شرح سود میں فوری کمی کی جائے۔ بلند شرح سود سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ اس میں کمی سے صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود پیداواری لاگت میں اضافے اور کاروباری مشکلات کا باعث بن رہی ہے، حکومت اور سٹیٹ بینک معاشی ترقی کیلئے شرح سود میں نمایاں کمی کا فیصلہ کریں۔ شرح سود میں کمی سے نجی شعبے کو سستے قرضوں کی سہولت اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ کاروباری برادری کو معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ کم شرح سود کی بھی ضرورت ہے، ملک میں کاروبار اور معاشی نمو تیز کرنے کیلئے شرح سود میں کمی ناگزیر ہے۔



