اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔
ایوان صدر میں اعزاز دینے کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ارکان پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی، جہاں صدر آصف علی زرداری نے انہیں اعلیٰ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقد کی جانے والی بحری مشقوں میں انڈونیشین بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو بھی سراہا۔
انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندر ڈبلیو سوکوتجو بھی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔



