روم (شِنہوا) اٹلی کے شہر ٹورین میں ٹورین آٹو شو 2026 شروع ہو گیا جس میں گاڑیوں کے 132 نئے ماڈلز پیش کئے گئے۔ نمائش کے دوران آزمائشی طور پر گاڑیاں چلانے سمیت گاڑیوں کے ڈیزائن سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اسی روز تھیئٹرو ریجیو میں منعقدہ ٹورینو آٹوموٹو ڈیزائن ایوارڈ (ٹاڈا) کی تقریب میں کئی چینی کار ساز کمپنیوں نے ایوارڈز حاصل کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میلان میں چین کے قونصل جنرل ژانگ چھینگ گانگ نے کہا کہ چین کی کارساز صنعت نے آزادانہ جدت، مصنوعات کے معیار اور صارفین کے تجربے پر پہلے سے زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی کو صنعتی ڈیزائن، برانڈ کلچر اور انجینئرنگ کے شعبے میں تحقیق و ترقی کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ دونوں ممالک کی صلاحیتیں ایک دوسرے سے استفادہ کرتی ہیں اور باہمی تعاون کے لئے کئی شعبے موجود ہیں۔
رواں سال کے ٹاڈا میں چین اور دیگر ممالک کی مجموعی طور پر 47 آٹو موبائل برانڈز اور ڈیزائن اداروں نے شرکت کی۔ چینی کار ساز کمپنیوں چیری، گیلی، گریٹ وال موٹر (جی ڈبلیوایم) اور جی اے سی نے مختلف شعبوں میں ایوارڈز حاصل کئے۔
ٹاڈا ایوارڈز تین اقسام یعنی سٹی کارز، فیملی کارز اور پریمیم کارز پر مشتمل ہیں۔ ہر زمرے میں بہترین بیرونی ڈیزائن، بہترین اندرونی ڈیزائن اور بہترین تکنیکی جدت کے ایوارڈز دیئے جاتے ہیں۔
جی اے سی آیون یوٹی اور گیلی کے011 نے بالترتیب سٹی کار اور فیملی کار کیٹیگریز میں بہترین بیرونی ڈیزائن کے ایوارڈز حاصل کئے جبکہ لیپاس ایل 6 اور جی ڈبلیو ایم اورا۔5 نے بالترتیب بہترین اندرونی ڈیزائن کے ایوارڈز جیتے۔ گیلی سٹارے ای ایم۔آئی، چیری ٹیگو 9 اور جی ڈبلیو ایم ٹینک 300نے تینوں کیٹیگریز میں بہترین تکنیکی جدت کے ایوارڈز حاصل کئے۔
بی وائی ڈی کی یانگ وانگ یو9 کو “چائنہ پرفارمنس کار آف دی ایئر” جبکہ آڈی کانسیپٹ سی کو “گلوبل کانسیپٹ کار آف دی ایئر” قرار دیا گیا۔ چیری ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین ین تونگ یوے کو “پرسن آف دی ایئر” کا اعزاز دیا گیا۔
ٹورین آٹو شو کے صدر آندریا لیوی نے شِنہوا کو بتایا کہ چینی کار ساز کمپنیاں نئی ٹیکنالوجیز اٹلی اور یورپ لا رہی ہیں اور مقامی صارفین میں انہیں تیزی سے پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل ڈیزائن، تکنیکی جدت اور صنعتی شعبے میں چین اور یورپ کے درمیان تعاون اور تبادلے سے دونوں فریق ایک دوسرے سے سیکھ سکیں گے اور بہتر گاڑیاں تیار کر سکیں گے۔
جی ڈبلیو ایم جنوب مشرقی یورپ کے جنرل منیجر ژاؤ لی چھاؤ نے کہا کہ ٹورین میں پذیرائی حاصل کرنا ہمارے لئے ایک بڑی کامیابی ہے جو دنیا بھر میں آٹو موبائل ڈیزائن کے ایک معروف مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈبلیو ایم نے یورپی منڈی کے لئے طویل مدتی حکمت عملی اپنائی ہے اور گاڑیوں کے ڈیزائن، کارکردگی، ذہین خصوصیات اور حفاظتی نظام میں مقامی صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھا ہے۔
ٹورین آٹوموٹو ڈیزائن ایوارڈ کا آغاز 2025 میں ٹورین آٹو شو کی ایک نئی خصوصیت کے طور پر کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد آٹو موبائل ڈیزائن کے شعبے میں تبادلوں کے ذریعے چین اور یورپ کی آٹو انڈسٹری کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
چینی کار ساز کمپنیوں نے ٹورین آٹو شو میں متعدد ایوارڈز جیت لئے



