ضمانتوں کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر مقرر کیا جارہا : سپریم کورٹ

اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے شہریوں کے بنیادی حقوق اور ذاتی آزادی کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے قبل از گرفتاری اور بعد از گرفتاری ضمانت سے متعلق مقدمات کی فوری سماعت اور جلد فیصلوں کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ضمانت سے متعلق مقدمات کو عدالت کی فکسیشن پالیسی کے تحت ترجیحی بنیادوں پر مقرر کیا جا رہا ہے تاکہ بروقت سماعت اور موثر فیصلوں کے ذریعے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ اس وقت سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں قبل از گرفتاری اور بعد از گرفتاری ضمانت سے متعلق کوئی بھی غیر مقرر مقدمہ زیر التوا نہیں،گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس نوعیت کے 226 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کئے گئے ۔ 11 مئی 2025 سے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں قائم بینچ کے روبرو 109 ضمانتی مقدمات سماعت کیلئے مقرر کئے گئے ، جو آزادی سے متعلق مقدمات کے فوری فیصلوں کے حوالے سے عدالت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق، خصوصاً آزادی سے متعلق معاملات میں بروقت اور موثر انصاف کی فراہمی اور آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا سپریم کورٹ نے پانچ سزا یافتہ قیدیوں کی اپیلوں پر سماعت کے دوران ان کی جیلوں سے رہائی اور ایک اپیل کنندہ کے انتقال سے متعلق تفصیلات ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے تمام مقدمات نمٹا دیئے ۔چیف جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پیر کو مقدمات کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسکیوٹر جنرل پنجاب احمد رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سزا یافتہ قیدی عبدالحکیم شاہد، محسن علی، اللہ دتہ اور شاہد خان جیل سے رہا ہو چکے ہیں جبکہ اپیل کنندہ جاوید اقبال انتقال کر چکا ہے ۔سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل ذوالفقار احمد کو طلب کیا اور استفسار کیا کہ آیا ان مقدمات سے متعلق کوئی قبل از گرفتاری یا بعد از گرفتاری ضمانت زیر التوا ہے ۔ ایڈیشنل رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی نوعیت کی ضمانت درخواست یا اپیل زیر التوا نہیں۔ ادھر سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اگر کسی فوجداری مقدمے میں ملزم کا کردار دستاویزی شواہد سے متعلق ہو اور شریک ملزمان پہلے ہی ضمانت حاصل کر چکے ہوں تو مقدمہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497(2) کے تحت مزید تفتیش کے زمرے میں آ سکتا ہے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ یکساں کردار رکھنے والے ملزم کو ضمانت کی رعایت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سوئی گیس پائپ لائنز لمیٹڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور پائپس میں خورد برد کے مقدمے میں گرفتار سٹور سپروائزر عثمان یوسف کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔عدالت کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور میں درج مقدمے میں الزام تھا کہ 2013 سے 2023 کے دوران ایس این جی پی ایل کے مختلف اہلکاروں نے مبینہ ملی بھگت سے منگا بیس سٹور سے 245 کلومیٹر سے زائد پائپس غائب کئے ، جس سے قومی خزانے کو تقریباً 36 کروڑ 66 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بادی النظر میں استغاثہ یہ ثابت نہیں کر سکا کہ درخواست گزار کا کردار دیگر شریک ملزموں سے زیادہ سنگین تھا۔ عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز عارضی نوعیت کی ہیں اور ٹرائل کورٹ شواہد کی بنیاد پر آزادانہ فیصلہ کرے گی۔



  تازہ ترین   
یا اللہ مسلمانوں کے حالات بہتر کر دے، یکجہتی عطا فرما دے: خطبہ حج
پاکستان اور چین کا تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق: مشترکہ اعلامیہ
لبیک اللھم لبیک! حج کا رکن اعظم ’’وقوف عرفہ‘‘ آج ادا کیا جائے گا
امریکا کو خطے میں مزید اڈے قائم کرنے کا موقع نہیں ملے گا: مجتبیٰ خامنہ ای
امریکہ کے جنگ بندی کے باوجود ایران میں فضائی حملے، ڈرون تنصیبات کو نشانہ بنایا
وزیراعظم کی چینی وفود سے ملاقاتیں، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کا عزم
چین دنیا کیلئے قابل تقلید ماڈل، معاشی طاقت میں کوئی ثانی نہیں: وزیراعظم
پاکستان کو اثر و رسوخ برقرار رکھنے کیلئے معاشی مسائل پر قابو پانا ہوگا: ترک میڈیا





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر