اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)ا سلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت ملتوی کرنے سے متعلق بیرسٹر سلمان صفدر کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے دلائل کیلئے حتمی موقع دے دیا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر پیش نہیں ہوئے ، معاون وکیل سرمد منیب نے کہاکہ درخواست گزار کی جانب سے التوا کی استدعا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پڑھیں التواء مانگنے کی کیا وجہ ہے ؟ معاون وکیل نے کہا بانی اور بشریٰ بی بی سے اپیلوں پر دلائل کیلئے ہدایات نہ ہونے کی وجہ سے التواء کی درخواست ہے ۔
نیب کے پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہاکہ یہ بار بار ملاقاتوں کی بات کرتے ہیں دیکھ لیں یہ التواء مانگ رہے ہیں، میڈیا پہ یہ بھی آنا چاہیے کہ نیب دلائل دینے کیلئے تیار ہے ۔ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا یہ میڈیا میں چلانا چاہتے ہیں یا اس عدالت میں؟ چیف جسٹس نے کہاکہ رافع صاحب آج آپ کی وجہ سے ہم نے شعیب شاہین کی بھی آواز سنی ہے ،کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے التواء کی درخواست منظور کر رہے ہیں،بانی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آخری موقع دے رہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ آئندہ سماعت پر کیس کی کارروائی آگے بڑھے گی۔ عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کی کیس ملتوی کرنے استدعا منظور کرلی اوردلائل کیلئے حتمی موقع دیتے ہوئے سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی نے کہاکہ سر آپ کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اس عدالت کے لارجر بینچ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،جب سے آپ نے فیصلہ دیا بانی اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک دن بھی شیڈول کے مطابق ملاقات نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سنا اور دونوں ججز چیمبر میں چلے گئے۔



