وانا،اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے چیک پوسٹ پردہشتگردوں کا خود کش حملہ ناکام بنا دیا ،7 شہری زخمی ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں خوارج بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے آئے تو پاک فوج کے ہائی الرٹ دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔خودکش حملہ آور اور گاڑی کو پوسٹ سے فاصلے پر نشانہ بنانے سے نہ صرف بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ہوا بلکہ حملہ آور خوارج بھی ہلاک ہوگیا۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا کے ایم ایس ڈاکٹر جان محمد کے مطابق خودکش حملے میں زخمی 7 شہریوں کوہسپتال لایا گیا ہے ، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت موثر رسپانس سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا،قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے ۔ وزیرداخلہ نے زخمی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔



