راولپنڈی (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے بن گئی تو سیاست سے ریٹائرڈ ہو جائوں گا،راولپنڈی کو یونیورسٹیوں کا شہر بنائیں گے، وقارالنساء کو بھی یونیورسٹی بنانے جا رہے ہیں، ہم نے تعلیم کیلئے بہت کام کیا اور بھی کر رہے ہیں، نور مقدم کیس کے ملزموں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،میرا بس چلے تو ملزم کو گولی مار دوں، پاکستانی قوم چین پر اعتماد کرتی ہے ، بعض طاقتیں پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھنگی سیداں کی زمین پر فلیٹ بنا کر لوگوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے، پڑھے لکھے نوجوان سی ڈی اے محکمے میں نوکری کیلئے درخواست دیں، میرٹ پر ان کی بھرتیاں کی جائیں گی، میرا وعدہ ہے، لال حویلی میں درخواستیں جمع کرائیں، نالہ لئی ایکسپریس وے میری زندگی کا مشن ہے، اگر یہ بن جاتا ہے تو اس کے اردگرد رہنے والے لوگ خوشحال ہوں گے، نیا راولپنڈی بن جائے گا اور یہی میری زندگی کا آخری منظر ہو گا،نالہ لئی ایکسپریس وے بن گئی تو میں سیاست سے ریٹائرڈ ہو جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کو یونیورسٹیوں کا شہر بنائیں گے، وقارالنساء کو بھی یونیورسٹی بنانے جا رہے ہیں، ہم نے تعلیم کیلئے بہت کام کیا اور بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز نے مشکل وقت میں اپنی جانوں کو دائو میں ڈال کر کام کیا، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری کے مسئلے حل کئے جائیں گے، سینٹری کو کسی بھی شہر کا دل کہا جاتا ہے، دنیا میں لوگ فائر فائٹر اور سینٹری ورکرکو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن یہاں بڑے گھروں میں رہنے والے چھوٹے لوگ ان کی عزت نہیں کرتے۔ انہوں نے لال حویلی کے قریب گولیاں چلنے کے حوالے سے کہا کہ لال حویلی پر گولی چلنے کے پہلے بھی واقعات ہوئے ہیں،مجھے خطرہ ضرور ہے لیکن ڈرنے والا نہیں، پولیس اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے، ہم گھبرانے والے نہیں، میری گلی کے پانچ لوگ میری جان بچاتے ہوئے شہید ہوئے، مجھ پر تین دفعہ حملہ ہوا، میں ڈرنے والا نہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نور مقدم کیس کے ملزموں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،میرا بس چلے تو ملزم کو گولی مار دوں، میڈیا سے گزارش ہے کہ ایسے لوگوں کو زیادہ کوریج نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے جن ٹیکسیوں میں سفر کیا ان کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا ہے جب افغان سفیر آئیں گے تو انہیں کاغذات دکھادیں گے، وہ ٹیکسی ڈرائیور غریب ہیں، دن میں کام کرتے ہیں رات کو ٹیکسی چلا کر گزار ا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم چین پر اعتماد کرتی ہے ، بعض طاقتیں پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،شیخ رشید نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈائون کے فیصلے سے سندھ کے عوام کو نقصان پہنچے گا ، وزیراعظم کے سمارٹ لاک ڈائون اقدام کو پوری دنیا نے سراہا،سندھ حکومت بھی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن وقت پر ہوں گے، پی ٹی آئی کی کے پی کے ، بلوچستان، پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاق میں حکومت ہے، تحریک انصاف روز بروز مضبوط ہو رہی ہے، آئندہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔
نالہ لئی ایکسپریس وے بن گئی تو سیاست سے ریٹائرڈ ہو جائوں گا، شیخ رشید



