اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ ملک میں رواج بن گیا ہے کہ آپ الیکشن جیت گئے ہیں توکہ دیں شفاف تھے اور ہار گئے تو پھرکہ دیں دھاندلی ہوئی ، پنجاب میں جب تحریک انصاف ضمنی الیکشن ہاری تو کہا گیا کہ غیر مقبول جماعت ہے اور کشمیر، جی بی میں الیکشن جیتے تو کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے ، کبھی اپوزیشن کی جانب سے الزام لگایا جاتا ہے کہ حکومت کا اداروں پر کنٹرول ہے اور ساتھ ہی کہا جاتا ہے کہ یہ حکومت تو فوج کے اشاروں پر چلتی ہے، آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے کوئی ٹاپ اور فیورٹ نہیں ہے اور اس حوالے سے ابھی تک کوئی مشاورت بھی نہیں ہے جبکہ حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے ہی کرنا ہے۔بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک میں رواج بن گیا ہے کہ آپ الیکشن جیت گئے ہیں تو شفاف تھے اور ہار گئے ہیں تو پھر دھاندلی ہوئی ہے ، پنجاب میں جب تحریک انصاف ضمنی الیکشن ہاری تو کہا گیا کہ غیر مقبول جماعت ہے اور کشمیر، جی بی میں الیکشن جیتے تو کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کبھی اپوزیشن کی جانب سے الزام لگایا جاتا ہے کہ حکومت کا اداروں پر کنٹرول ہے اور ساتھ ہی کہا جاتا ہے کہ یہ حکومت تو فوج کے اشاروں پر چلتی ہے ،دونوں الزامات میں بھی تضاد ہے ۔انہوں نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے امیدوار سردار تنویر الیاس کے پاک فوج اور سٹریٹجک اداروں کی حمایت کے بیان پر کہا کہ انتخابات میں بہت سے لوگ شو آف کرتے ہیں کہ ریاستی ادارے اور فوج ان کے ساتھ ہے اور ان کا نام استعمال کرتے ہیں ۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے کوئی ٹاپ اور فیورٹ نہیں ہے اور اس حوالے سے ابھی تک کوئی مشاورت بھی نہیں ہے جبکہ حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے ہی کرنا ہے ۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے کوئی ٹاپ اور فیورٹ نہیں، اس حوالے سے ابھی تک کوئی مشاورت نہیں ہوئی



