انٹر نیشنل ڈیسک (نیشنل ٹائمز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ادویات کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو انہیں سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب صدر ٹرمپ امریکی عوام کو دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگی ادویات سے ریلیف دینا چاہتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ 17 دوا ساز کمپنیوں کو خطوط میں لکھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کمپنیاں ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 60 دن کے اندر تبدیلیوں پر عملدرآمد کریں۔ٹرمپ نے دوا ساز کمپنیوں کو کہا کہ اگر آپ نے تعاون نہ کیا تو ہم امریکی خاندانوں کو ادویات کی قیمتوں میں جاری بدعنوانیوں سے بچانے کے لیے اپنے تمام اختیارات استعمال کریں گے۔ٹرمپ نے ان دوا ساز کمپنیوں کے جوابات کو مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ اب تک ملنے والے جوابات صرف الزامات کی منتقلی اور پالیسی میں تبدیلیاں ہیں جو عوام کی بجائے صنعت کے فائدے میں ہیں۔واضح رہے کہ مئی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا بھر میں ادویات کی قیمتوں میں کمی کے حکم نامے پر دستخط کیے تھے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں ادویات کی قیمتیں دوسرے ممالک کی قیمتوں کے برابر نہ ہوئیں تو ادویہ ساز کمپنیوں پر ٹیرف لگائیں گے۔
‘قیمتیں کم کرو ورنہ کارروائی ہوگی’، ٹرمپ کی دوا ساز کمپنیوں کو دھمکی



