نیویارک(نیشنل ٹائمز) وینزویلا میں یکے بعد دیگر زلزلے کے شدید جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، اب تک کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث 164 افراد ہلاک اور 1000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، امریکی ماہرین نے زلزلے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
وینزویلا میں 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، 22 منزلہ عمارت سمیت متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، خوفزدہ شہری جان بچانے کے لیے گھروں اور عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے، فوری طور پر سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی، جبکہ ملک بھر میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جا چکی ہے۔
زلزلے کے باعث سکول اور ٹرین سروس معطل کر دی گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق زلزلے کے باعث وینزویلا میں ہزاروں اموات کا خدشہ ہے، زلزلے کا مرکز دارالحکومت کراکس سے 284 کلومیٹر مشرق میں تھا۔
وینزویلا کا مرکزی ایئرپورٹ بند
وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیتیا کو زلزلے سے ہونے والے ’شدید نقصان‘ کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے قومی ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے ترمینل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد اسے بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ ہوئی، کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں 10 لاکھ افراد کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
شمالی جاپان میں 6.9 شدت کا زلزلہ
دوسری جانب شمالی جاپان میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا جس کے جھٹکے ٹوکیو میں بھی محسوس کئے گئے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ایواتی کا ساحلی علاقہ تھا، گہرائی 50 کلومیٹر تھی، حکام کے مطابق جس علاقے میں زلزلہ آیا وہ سب سے زیادہ خطرے کا زون ہے۔
جاپانی وزیر دفاع نے فوج کو زلزلہ زدہ علاقوں میں فضائی انٹیلی جنس جائزہ لے کر رپورٹ تیار کرنے ہدایت کی ہے۔
صدر پاکستان اور وزیراعظم کا زلزلے سے ہونیوالے نقصان پر اظہار افسوس
صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے وینزویلا میں زلزلے سے تباہی و نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اس آفت میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ افراد کے لیے ہمت، حوصلے اور استقامت کی دعا کی۔
صدرِ مملکت نے امید ظاہر کی کہ وینزویلا کے عوام اس سانحے کا بہادری اور عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور امدادی و ریسکیو سرگرمیاں ضرورت مند افراد تک بروقت مدد پہنچانے میں کامیاب ہوں گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا حکومت، عوام اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔



