ماسکو(نیشنل ٹامز)روسی مسافر طیارہ جمعرات کو چین کی سرحد کے قریب آمور ریجن میں منزل مقصود پر پہنچنے سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجہ میں اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے ایمر جنسی حکام کے حوالہ سے بتایا کہ مسافر طیارے میں عملہ کے 6 ارکان اور دوبچوں سمیت 46 افراد سوار تھے جبکہ آمور ریجن کے گورنر واسیلی اورلوف نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر طیارے میں سوار مسافروں کی تعداد 43 اور عملے کے ارکان کی تعداد 6 بتائی ہے ۔ گورنر نے مزید بتایا کہ مسافروں میں پانچ بچے شامل تھے۔تاس کے مطابق حادثے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ تاس کے مطابق روس کے علاقے سائبیریا کی فضائی کمپنی انگارہ ایئرلائن کا اے این ۔ 24 طیارہ بلاگو ویشچنسک نامی مقام سےآمور ریجن میں واقع ٹائنڈ ا ایئر پورٹ کے قریب پہنچا تھا کہ اس میں آگ لگ گئی اور یہ ایئرپورٹ سے 16 کلومیٹر کے فاصلے پر گر گیا۔
روس میں مسافر طیارہ گر کرتباہ، تمام مسافر ہلاک



