ایک بڑا انسان دنیا سے رخصت ہوا

عابد حسین قریشی

جسٹس (ر ) سجاد سپرا بھی رحلت فرما گئے۔ یہ دسمبر 2001 کے آخری دن تھے، جب میری پوسٹنگ ڈیپوٹیشن پر بطور ڈائریکٹر صوبائی محتسب پنجاب ہوئی۔ جسٹس ر سجاد احمد سپرا اس وقت صوبائی محتسب تھے۔ چارج لیتے وقت ان سے یہ پہلی ملاقات تھی۔مگر انکی گرمجوشی اور رکھ رکھاو نے پہلی ملاقات میں ہی متاثر کیا۔ صرف دو تین ماہ وہاں کام کرنے کے بعد یہ افسری ماتحتی باقاعدہ دوستی میں تبدیل ہوگئی۔ جو انکے مرتے دم تک قائم رہی۔ ایک اچھی خاندانی بیک گراؤنڈ سے تعلق کہ انکے والد قیام پاکستان کے وقت شملہ شہر کے SP تھے جو بعد ازاں ڈی آئی جی کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوئے۔ انکے ایک بھائی ریاض سپرا IG پولیس سندھ اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی رہے۔ تحصیل پھالیہ کے ایک گاؤں سے تعلق اور بہت نفیس اور عمدہ شہری ذوق اور مزاج رکھنے کے باوجود اپنے دیہی تعلق پر فخر محسوس کرتے، بہت کھلی ڈھلی طبیعت کے مالک، مثبت سوچ کے ساتھ انسانی ہمدردی سے لبریز، لوگوں کے لے آسانیاں تقسیم کرنے پر ہمہ وقت کمر بستہ۔ اپنے دوستوں اور عزیزوں کی غمگساری اور مدد میں بہت آگے تک چلے جانا۔ اپنا روپیہ غریبوں اور حاجت مندوں خصوصاً اپنے مستحق رشتہ داروں اور جاننے والوں پر نچھاور کر دینا۔ بلند آہنگ قہقہے ، زندہ دلی اور وفا و اعتماد کا پیکر ، بلا کی یاد داشت ، صحت مند زندگی کے دوران لاہور جمخانہ کلب کی سیاست کے روح رواں، کتب بینی کا کمال کا ذوق اور اعلٰی پائے کی خوبصورت انگریزی لکھنے والے ، شعر و ادب کا گہراشغف جو ابتدا میں ہماری قربت کا باعث بھی بنا ۔ بطور صوبائی محتسب پنجاب دکھی اور مظلوم سائلین کے لئے آخری حد تک جانے والے، یہ تھے جناب جسٹس سجاد سپرا جنہیں مرحوم لکھتے ہاتھ کانپ رہے ہیں، دل دکھی ہے اور آنکھیں پرنم۔ انکی محبت اور شفقت دیکھ کر کبھی کبھی مجھے خیال آتا کہ یہ میرے مرحوم والد کی جگہ ہیں، جب بھی بات ہوتی ، میرے ہر بچے کا نام لیکر الگ الگ پوچھتے۔ جب بھی انہیں اپنے کسی بچے کی کامیابی کا بتاتا تو دیر تک مسحور رہتے۔ میرے بیٹے زین علی کی شادی پر شدید بیماری اور نقاہت کے باوجود ہمارے گھر تشریف لائے۔ ہم میرج ہال جانے کے لئے گاڑیوں میں بیٹھ رہے تھے۔ ڈھول والوں سے کہا کہ ڈھول بجاو اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالنا شروع کر دیا۔ میں نے آگے بڑھ کر تھامنے کی کوشش کی تو کہنے لگے یہ میرے پوتے کی شادی ہے اور شاید زندگی کا آخری بھنگڑا بھی۔ میں کچھ افسردہ ہو گیا۔ خود زندگی بھر شادی نہ کی مگر چڑا چڑا پن قریب بھی نہ آسکا۔ دل کے سخی اور مال خرچ کرنے میں اس قدر کھلا دل اور ہاتھ کہ عیدین کے موقع پر انکی سرکاری ٹیبل پر لفافوں کا ڈھیر ہوتا جو انکے آبائی گاوں دھریکاں کلاں پھالیہ میں غریبوں، بیواوں اور حاجت مندوں کو بجھوا دیتے۔ اکثر اوقات اپنا ہاتھ تنگ ہونے کے باوجود پرانے دوستوں اور عزیزوں کی مدد کر جاتے۔ ایک دفعہ جب میں نے وجہ پوچھی تو کیا خوبصورت جواب تھا کہ جو لوگ کسی امید سے میرے ساتھ رابطہ کرتے ہیں، تو کیا انکی امید توڑ دوں۔ ایک دیرینہ دوست ایک دو سال قبل انکے پاس آیا جب شدید بیمار تھے اور اسنے تین چار لاکھ روپے ادھار مانگے اور کہا کہ دو تین ماہ بعد ادا کر دوں گا۔ ہنس کے کہنے لگےتم نے پہلے کبھی واپس کئے ہیں جو یہ کردو گے اور اسے اسکے باوجود یہ رقم ادا کی۔ انکی تنخواہ یا پنشن مہینے کے پہلے پندرہ روز تک ہی چلتی پھر کریڈٹ کارڈز سے کام چلتا کہ ہاتھ میں کچھ رکھنے کے قائل ہی نہ تھے۔ ایک درویش صفت جج جو جج سے بھی بڑا انسان تھا، صلہ رحمی میں بے مثل ، منافقت و ریا کاری سے پاک۔ صاف اور سیدھی بات کرنے کا قائل، اعلی اخلاقی اور انسانی اقدار کا پاسدار، زندگی بھر کرایہ کے مکان میں رہ کر آج اس دنیا فانی سے رخصت ہوا۔ اللہ تعالٰی انکی آخروی منازل آسان اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ اک اہل نظر ہم سے جدا ہوتے ہیں امروز۔ یاد انکی مگر سینوں میں محفوظ رہے گی۔



  تازہ ترین   
پہلا سرکاری آٹزم سکول قائم، خصوصی بچوں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں میسر ہوں گی: مریم نواز
سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج پر آئیں گے تب عمران سے ملاقات ہو گی: رانا ثنا اللہ
ترلائی امام بارگاہ کے واقعے سے پوری قوم سوگوار ہے: وزیراعظم
ڈی آئی خان : دہشت گردوں سے مقابلے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید
300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد
وزیراعظم کا نیپرا کے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا نوٹس
پاک فوج کے بارے میں محمود خان اچکزئی کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے: خواجہ آصف
بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے: مریم نواز





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر