اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اقتدار سے دوری کی وجہ سے مولانا ذہنی ہیجان کا شکار ہیں۔اتوار کو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاسی اقدار صرف اقتدار حاصل کرنے تک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی صرف پارلیمنٹ میں داخلے تک ہے، مولانا کی سیاسی شعبدہ بازیاں قوم مسترد کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا کو لگ رہا ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال ان کے ہونے سے ٹھیک ہو گی جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے، ملکی معیشت و سیاسی صورتحال میں استحکام آ چکا ہے۔شہباز گل نے کہا کہ جہاں چاہیں جلسے کریں مگر جلسے میں اپنی کرپشن کا احوال بھی بتائیں، ملک کی جڑیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کھوکھلی کی گئیں۔
اقتدار سے دوری کی وجہ سے مولانا ذہنی ہیجان کا شکار ہیں، شہباز گل



