اناطولیہ (نیشنل ٹائمز )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایشیائی ملکوں کی طرف سے جغرافیائی معیشت پر د وبارہ توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔ ترکی میں ہفتے کے روز اناطولیہ سفارتی فورم کے زیراہتمام ایشیا میں علاقائی تعاون کے موضوع پر اعلی سطح کے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے پاکستان کی پالیسی کے تین ستونوں کو اجاگر کیا جن میں روابط’ ترقیاتی اشتراک اور امن و خوشحالی شامل ہیں۔وزیر خارجہ نے ایشیا کودرپیش مشکلات پر بھی روشنی ڈالی جن میں غیر حل شدہ تنازعات’ اندرونی اور بیرونی کشیدگی’ اسلحے کی نئی دوڑ اور ماحولیاتی آلودگی شامل ہیں۔اکیسویں صدی میں ایشیا کی استعداد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے براعظم میں موجود تعاون کے امکانات کی طرف توجہ دلائی۔انہوں نے زور دیاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کی صورت میں علاقائی روابط سے ایشیا کی کامیاب صدی کی راہ ہموار ہوگی۔اس سلسلے میں انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے اہم منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کیا جو خطے کے ملکوں کو بڑے مواقع فراہم کرتی ہے۔مباحثے میں وزرائے خارجہ نے ایشیا کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور خطے میں راہداری اور رابطے کے منصوبوں پر ازسرنو توجہ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیرخارجہ کا ایشیائی ممالک کے تعاون سے خطے کی معیشت پر ازسر نو توجہ دینے کی ضرورت پر زور



