کراچی(نیشنل ٹائمز)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے واقعہ پر اپوزیشن ارکان نے سخت احتجاج کیا ،حادثے پر ایم کیو ایم کی جانب سے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا گیا، کارروائی کے دوران سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پرگرماگرم بحث ہوئی ،وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے ایوان میں تحریک پیش کی جس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت اور سوئی سدرن سندھ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں،ایوان نے تحریک متفقہ طورپر منظور کرلی ۔اجلاس اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ایم کیو ایم کے رکن دانیال احمد نے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گر گئی، اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، سندھ میں اس وقت سسٹم کی حکومت چل رہی ہے ۔ وزیر داخلہ ضیائالحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت نے فوری ایکشن لیا ،سیکریٹری بلدیات سمیت افسران کو معطل کردیا گیا اور ذمہ داروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان نے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع کردی۔ ایم کیو ایم نے وقفہ سوالات میں حصہ نہیں لیا اوراجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہر میں تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے ،ایڈمن سوسائٹی واقعے کے ذمہ داران کے خلاف ایکشن ہو چکا، مقدمہ بھی درج کر لیا گیاہے ،ایم کیو ایم نے چائنہ کٹنگ کر کے شادی ہال بنائے ،بلدیہ فیکٹری میں زندہ انسانوں کو جلایا، احتجاج صوبے بنانے کی پلاننگ کا حصہ ہے ، سندھ سے انڈسٹریز منتقل ہوئیں، اس کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے ، بلڈروں سے بھتے ایم کیو ایم لیتی تھی، ایم کیو ایم جو بھی تماشے کر رہی ہے ، ان کے دل میں یہی ہے کہ صوبوں کا ماحول کیسے بنائیں۔ ایوان میں ایم کیو ایم ارکان کی عدم موجودگی کے دوران اسپیکر نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں غیر ملکی وفد آ رہا ہے ، اپوزیشن اراکین کو منا کر لائیں تاکہ وہ اچھا میسج لے جائیں۔ مکیش چاولہ نے کہا کہ پارلیمانی وزیر ان کو منانے گئے ہیں کچھ دیربعد ایم کیو ایم کے ارکان ایوان میں واپس آ گئے ۔پیپلز پارٹی کے رکن امداد پتافی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سندھ اسمبلی کی قراردادوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جب سندھ کا معاملہ آتا ہے تو وہ اندھے ہو جاتے ہیں،سندھ کے اجتماعی مسئلے پر تمام جماعتوں کو ایک ہونا چاہیے ، جس طرح بچوں کو دوائی کے چمچے پلائے جاتے ہیں، اس طرح سندھ کو گیس ملتی ہے ، ایک طرف پاکستانی خلا میں پہنچ گیا، دوسری طرف بجلی، آٹا، گیس نہیں مل رہا۔



