ریاض،صنعا(نیشنل ٹائمز)سعودی دا رالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری بارحوثیوں نے نشانہ بنایا ہے ، حملے میں 11 افراد زخمی ہوگئے ۔ سعودی حکام کے مطابق زخمیوں میں دو سعودی شہری اور 9 غیرملکی باشندے شامل ہیں، جن میں دو بھارتی، تین نیپالی اور چار مصری شہری ہیں۔ رائٹرز کے مطابق نشانہ بننے والی عمارت سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ) کا صدر دفتر ہے ۔ یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس عمارت پر دوسرا حملہ ہے ۔ اس سے قبل 19 نومبر کو حملے میں عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔ سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ پاکستان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع اور شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے ۔ دوسری جانب یمن کے جنوب مغربی صوبے لحج میں سعودی فضائی حملے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ حوثی حکام کے مطابق سعودی اتحادی طیاروں نے دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا، ایک ٹرک اور بس بھی زد میں آگئے ۔ حوثیوں نے حملے کا الزام سعودی فضائیہ پر عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی۔ یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ حوثی جنگجو حکومتی گڑھ عدن پر حملے کے لیے تیار ہیں اور شہر سے صرف 60 کلومیٹر دور پہنچ چکے ہیں۔ فوجی ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ حوثی فورسز کی عدن سے قربت کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور ممکنہ حملے کے پیش نظر دفاعی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ برطانیہ نے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کے الزام میں حوثی گروپ اور اس کے چار اعلیٰ عہدیداروں پر پابندیاں عائد کردیں۔



