اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں ریاست کی مقرر کردہ ریڈ لائنز عبور کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جواب دہی کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کالعدم تنظیم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کریں ، تنظیم کے کئی عہدیدار اب بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں۔دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتیاں کر رہی ہیں، فنڈز جمع کر رہی ہیں اور خوف پھیلا رہی ہیں تو حکومت بے بس ہو کر نہیں رہ سکتی۔ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کرے گی۔ پہلے ان سے بات چیت کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر نوٹس جاری کرنے کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔ ان کے مطابق کسی پورے پلیٹ فارم کو بند کرنا آخری آپشن ہوگا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فیک نیوز بھی گولی کی مانند ہے ، ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی۔آزادی اظہار اور شہریوں کی عزت و وقار کے تحفظ کے درمیان آئینی توازن ناگزیر ہے ،آزادی اظہار رائے کے ساتھ شہریوں کی نجی زندگی اور ساکھ کا تحفظ بھی ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ روایتی میڈیا سے سوشل میڈیا کی جانب منتقلی نے براڈکاسٹر کی تعریف ہی تبدیل کر دی کیونکہ اب سمارٹ فون رکھنے والا ہر شخص معلومات تیار کرنے اور انہیں دوسروں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے ڈیجیٹل میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔وزیر داخلہ نے اپنی تقریر کے آغاز میں ریاست کے لیے 4 ریڈ لائنز کی نشاندہی کی جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ خبروں کی رپورٹنگ اور مواد کی اشاعت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔وسائل کی تقسیم سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب کو آبادی کے تناسب سے اپنے حصے سے زیادہ وسائل نہیں ملتے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی نگرانی موثر بنانا اور انہیں جواب دہی کا پابند کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی ڈیجیٹل پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروسز اور مواد تخلیق کرنے والوں کو اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن کرانا ہوگی۔محسن نقوی نے کہا کہ رجسٹریشن کسی کی آواز دبانے کا لائسنس نہیں بلکہ اس سے یہ طے ہوگا کہ کسی خرابی یا خلاف ورزی کی صورت میں جواب دہ کون ہوگا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ نامزد دہشت گرد تنظیموں کو اپنی سروسز کے غلط استعمال سے روکیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا چیلنج سنگین ہوتا جا رہا ہے ، ایک فیک نیوز چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے ۔ سوشل میڈیا کا موضوع ان کے دل کے قریب ہے ، تاہم موجودہ دور میں قانون سازی، ضوابط اور پالیسیوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں، اس کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔



