منامہ،تہران،ریاض،واشنگٹن (نیشنل ٹائمز) بحرین کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ ہفتے کی شب ایران کے حملوں کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک بحرینی شہری جبکہ دوسرا بحرین میں مقیم ایک پاکستانی شہری ہے جس کی حالت تشویشناک ہے ۔وزارتِ داخلہ نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ دارالحکومت منامہ کے قریب شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ سعودی عرب نے بحرین کی شہری تنصیبات پر حملے کی مذمت کی اور بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایران کی مسلسل کارروائیوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔مملکت خطے میں جاری جارحانہ اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار ایران کو سمجھتی ہے ۔متحدہ عرب امارات نے بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
ایران نے نیا میزائل لانچر متعارف کرا دیا ہے جو بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ لانچر پہلی بار منظرعام پر لایا گیا ہے ۔سرکاری ٹی وی نے پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد واحدی اور ایرو سپیس فورس کے کمانڈر مجید موسوی کی زیرزمین میزائل اڈے کے دورے کی فوٹیج بھی نشر کی، جہاں مختلف میزائل اور فوجی سازوسامان موجود تھا۔احمد واحدی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو پہنچنے والا نقصان صرف آغاز ہے ، اسے مزید رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مجید موسوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تنازعات کے دوران ایران کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے جدید ہتھیار دشمن کے لیے خوف کا باعث بن سکتے ہیں۔ایران کی نیم فوجی تنظیم بسیج کے نائب سربراہ قاسم قریشی نے کہا ہے کہ ایران کے میزائلوں کی رینج دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے ،
تاہم اُنھوں نے اس کی درست حد بتانے سے گریز کیا۔ پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ٹیلیگرام چینل صابرین نیوز پر دعویٰ کیا گیا کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک بڑا ایرانی آئل ٹینکر لائن بریکر بحیرہ عمان کی جانب رواں دواں ہے ۔صابرین نیوز نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز اپریل سے ایران کے خلاف نافذ امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے ۔ تاہم بی بی سی فارسی کی آزادانہ جانچ پڑتال میں اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ملا۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی مسلسل 130ویں روز بھی جاری ہے ۔ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک امریکی ایم کیو ون جنگی ڈرون مار گرایا گیا ہے ۔ 24 گھنٹوں کے دوران یہ چوتھا امریکی جاسوس اور جنگی ڈرون ہے جسے نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ایرانی پارلیمان کا آن لائن اجلاس بعض ارکان کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث منعقد نہ ہو سکا۔ سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق اجلاس نائب سپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں ہونا تھا، تاہم کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی تنازع کھڑا ہوگیا۔
ارکان حمید رسائی، مہدی کوچکزادہ، علی خزریان اور حامد یزدیان نے احتجاج کیا کہ رسائی کا ٹیبلٹ فعال نہ ہونے کے باعث وہ اجلاس میں مؤثر شرکت نہیں کر پا رہے تھے ۔ دوسری جانب رکن پارلیمان حسین علی حاجی دلیگانی نے کہا کہ جیل سے رہائی کے بعد رسائی کا ووٹ کا حق بحال کیا جانا چاہیے ۔روس کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچیف نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان جوہری تعاون جاری رہے گا، بوشہر جوہری بجلی گھر کا منصوبہ رواں سال ہونے والے فوجی حملوں کے دوران کڑے امتحان سے گزرا ، ایران اور روس کے تعلقات بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔بیرونی دباؤ کے باوجود تہران اور ماسکو کے درمیان جوہری تعاون جاری رہے گا۔



