کراچی (نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ طلبہ کے موقع پر دنیا بھر اور پاکستان کے ان طلبہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ، جنہوں نے جمہوریت، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری خصوصی پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ نازی آمریت کیخلاف آواز بلند کرنیوالے طلبہ کی قربانیاں انسانی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بھی طلبہ کا کردار انتہائی روشن رہا، جہاں طلبہ تنظیموں نے آمریت کیخلاف اور جمہوریت کی بحالی کی تحریکوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔انہوں نے ماضی کے کٹھن ادوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ضیائالحق کی آمریت کیخلاف جدوجہد میں طلبہ تنظیموں نے بے مثال کردار ادا کیا۔ گرفتاریوں، تشدد اور سخت سزاؤں کے باوجود طلبہ کارکنوں نے ہمت نہیں ہاری اور جمہوری حقوق کے حصول کیلئے اپنی پْرامن جدوجہد جاری رکھی۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کے طلبہ سیاست سے گہرے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے میں ایشیائی طلبہ کی بھرپور نمائندگی کی، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آکسفورڈ یونین کی پہلی ایشیائی خاتون صدر منتخب ہوئیں اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔ ان کے مطابق طلبہ سیاست اور نوجوان قیادت نے بھٹو خاندان کی سیاسی تربیت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے فکری شعور، مکالمے اور جمہوری تربیت کی نرسریاں ہیں۔ نوجوان علم، تحقیق، برداشت اور جمہوری اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، اختلافِ رائے کو خندہ پیشانی سے برداشت کریں اور معاشرے میں مکالمے کو فروغ دیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ طلبہ، طلبہ کے بنیادی حقوق، آزادیِ اظہار اور معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔



