نیروبی (شِنہوا) کینیا کے دارالحکومت نیروبی کی سڑکوں پر گزشتہ پانچ ماہ سے الیکٹرک موٹر سائیکل چلانے والی یویٹ سیلین کوکی نے اپنے ناقدین کو غلط ثابت کر دیا۔ مردوں کے غلبے والے اس شعبے میں وہ غیر معمولی ہمت اور اعتماد کے ساتھ اپنی موٹر سائیکل چلا رہی ہیں۔
کوکی ایک الیکٹرک موٹر سائیکل کی مالکن ہیں، جسے انہوں نے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی روم الیکٹرک سے اقساط پر خریدا ہے۔ یہ کمپنی اپنی الیکٹرک دو پہیوں والی گاڑیوں کے تقریباً 60 فیصد پرزے چین سے حاصل کرتی ہے۔
کوکی نے حالیہ انٹرویو میں شِنہوا کو بتایا کہ میں اس موٹر سائیکل کو ترجیح دیتی ہوں کیونکہ یہ کم خرچ ہونے کے ساتھ ماحول دوست بھی ہے۔ ایندھن پر میرا زیادہ خرچ نہیں ہوتا۔ میں روزانہ 700 کینین شلنگ (تقریباً 5.4 امریکی ڈالر) خرچ کرتی ہوں جو روایتی موٹر سائیکل کے مقابلے میں 900 شلنگ کم ہے۔
وہ کینیا میں الیکٹرک موٹر سائیکل چلانے والوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد میں شامل ہیں۔ یہ افراد ملک کے بڑے شہروں میں مسافروں اور سامان کی ترسیل کے لئے ماحول دوست، کم خرچ اور موثر انداز میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
کوکی نے بتایا کہ وہ روزانہ تقریباً 150 کلومیٹر موٹر سائیکل چلاتی ہیں اور دن میں ایک مرتبہ اس کی بیٹری چارج کرتی ہیں تاہم زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صورت میں انہیں دو مرتبہ چارج کرنا پڑتا ہے۔
وہ گھر پر موٹر سائیکل کی بیٹری چارج کرتی ہیں لیکن اگر بیٹری کی چارجنگ کم ہو جائے تو کرائے پر دوسری بیٹری حاصل کر سکتی ہیں تاکہ صارفین کو خدمات کی فراہمی جاری رکھ سکیں۔
الیکٹرک موٹر سائیکل استعمال کرنے کے بعد کوکی کی روزانہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اب وہ بجلی کے بل ادا کرنے، کھانے پینے کی اشیاء خریدنے اور کچھ رقم بچانے کے قابل ہو گئی ہیں۔ تاہم انہیں نیروبی میں مزید چارجنگ سٹیشنز قائم ہونے کا انتظار ہے۔
روم الیکٹرک کے کینیا میں کنٹری منیجر حبیب لوکایا نے کہا کہ کینیا کے موٹر سائیکل سوار آپریشنل اخراجات کم کرنے اور ماحول کو تحفظ دینے کے لئے الیکٹرک دو پہیوں والی گاڑیاں اپنا رہے ہیں۔ چین سے بیٹریوں جیسے اہم پرزوں کی دستیابی نے اس تبدیلی کو آسان بنا دیا ہے۔
چینی ٹیکنالوجی کینیا میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے فروغ میں معاون



