اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور خوارج کے 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 نومبر سے کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں جہاں متعدد جھڑپوں کے دوران 31 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے گئے ۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ۔ان علاقوں میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان میں آپریشن، 74 دہشتگرد ہلاک



