آرٹ نمائش چین اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کی عکاس بن گئی

اسلام آباد(شِنہوا)اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز کی 18 سالہ طالبہ پاکیزہ زینب اسلام آباد میں منعقدہ ایک نمائش میں فن پاروں کو گہری دلچسپی اور قابل تعریف انداز کے ساتھ دیکھنے میں مصروف تھیں۔ یہ نمائش پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔اسلام آباد عجائب گھراور حکومت پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تحت محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر اور پاکستان میں چائنہ کلچرل سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ اس نمائش میں چین کے نایاب چینی مٹی کے نادر خزانوں اور جدید فن پاروں کا ایک شاندار مجموعہ پیش کیا گیا، جو صدیوں پر محیط کاریگری، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی تبادلے کی بھرپور میراث کو اجاگر کرتا ہے۔زینب نے کہا، “فنون لطیفہ کی طالبہ ہونے کے ناطے مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے پاکستان اور چین کے فن پاروں پر مشتمل اس شاندار نمائش میں شرکت کا موقع ملا۔ یہ ایک بہترین اقدام ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کی دوستی مضبوط ہوتی ہے بلکہ لوگوں کو فن کے ذریعے ایک دوسرے کے بھرپور ثقافتی ورثے کو سراہنے اور سمجھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔زینب نے بتایا کہ وہ خصوصاً چین کے چینی مٹی کے برتنوں کی تیاری میں دکھائی جانے والی نفاست اور ہنرمندی سے بہت متاثر ہوئیں، جن میں مرتبان، چائے دانیاں اور پلیٹس شامل تھیں۔انہوں نے کہا، “چینی مٹی کے ساتھ برتن سازی ایک نہایت خوبصورت فن ہے اور ان اشیا کی تیاری کے لیے بہت مہارت، صبر اور لگن درکار ہوتی ہے۔ اس نمائش کے ذریعے ہمیں نہ صرف تیار شدہ اشیا کی خوبصورتی بلکہ ان فنکارانہ روایات اور ہنرمندی کو بھی سراہنے کا موقع ملتا ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہیں۔زینب کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائشیں فنون لطیفہ کے طلبا کے لیے سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، “ہم اکثر کتابوں کے ذریعے چینی ثقافت اور فن کے بارے میں پڑھتے ہیں، لیکن ان فن پاروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا تجربہ بالکل مختلف ہوتا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر چینی فن سے گہری دلچسپی ہے، اس لیے پاکستان میں چینی ہنرمندی کے ایسے خوبصورت نمونے دیکھنا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔اس موقع پر پاکستان کی پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر نے کہا کہ ثقافتی تبادلے پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کا ایک اہم ستون ہیں، جو باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے عجائب گھروں، فنکاروں، محققین اور ثقافتی اداروں کے درمیان مزید تبادلوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔فرح نازنے کہا، ’’اس طرح کا تعاون ثقافتی ورثے کے تحفظ، علم کے تبادلے اور پاکستان اور چین کے لوگوں کے لیے مل کر کام کرنے کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ کہانیوں، ثقافتی تجربات اور ایک دوسرے کی روایات کے احترام سے دوستی مزید مضبوط ہوتی ہے۔فرح نازنے کہا، “سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ہمیں ان نسلوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے اس دوستی کو پروان چڑھایا، اور اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اس دوستی کو آنے والی نسلوں تک منتقل کریں گے۔پاکستان میں چین کے سفارت خانے کے قونصلر چھن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران، سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلے بتدریج دوطرفہ اور گہرے ثقافتی انضمام کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’آرٹ پرفارمنس، علمی سیمینارز، فلم اور ٹیلی ویژن پروگراموں اور نوجوانوں کے تبادلوں سمیت متعدد سرگرمیاں یکے بعد دیگرے منعقد ہوتی رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان نمائشوں اور سرگرمیوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پاکستانی دوست چینی ثقافت کی گہرائی اور وسعت سے واقف ہوئے ہیں، جبکہ چینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے پاکستان کے منفرد روایتی فنون اور ثقافت میں گہری دلچسپی پیدا کی ہے۔نمائش میں پاکستان اور چین کے سرکاری حکام، ثقافتی نمائندوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور طلبا نے شرکت کی۔



  تازہ ترین   
امریکا میں ساڑھے 4 گھنٹے فضائی آمدورفت بند، 26 ہزار پروازیں معطل، بحالی کا عمل شروع
قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاع میں تعاون سمیت 5 معاہدوں پر دستخط
روس، یوکرین مذاکرات میں یورپی ممالک کی شمولیت ضروری ہے: کایا کالاس
امریکا کے ایئرپورٹس پر مسافروں کا رش، طیاروں کی پارکنگ کیلئے جگہ کم پڑنے لگی
فرانس کا حوثیوں پر دباؤ بڑھانے، سعودیہ پر حملے بند کرنے کا مطالبہ
معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا: فیلڈ مارشل
ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین میں ملاقات متوقع
خام معدنیات کی برآمد کے بجائے ملک میں پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہوگا، وزیراعظم





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر