لاہور(نیشنل ٹائمز)حکومت نے تحریک انصاف کو ایک اور ریلیف دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 2 بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کولاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا،تیسری بہن علیمہ خان تاحال جیل میں نظر بندہیں، حکومت نے 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو3 ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں بند کر دیا تھا،دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے اور پی آئی سی میں زیر علاج شاہ محمود قریشی سے ملاقات اور ان کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے 50 روزہ نظربندی کے بعد عمران خان کی 2بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا کر دیاہے ،جیل حکام نے رہائی کے بعد دونوں بہنوں کو نورین نیازی کی بیٹی ہاجرہ نیازی کے سپرد کر دیا ،تاہم علیمہ خان کو رہائی کے آرڈر موصول نہ ہونے کی وجہ سے رہا نہیں کیا گیا ، ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی گئے جہاں انہوں نے زیر علاج پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی عیادت کی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی زین قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔شاہ محمود قریشی 9مئی کے مقدمات میں کوٹ لکھپت جیل قید تھے تاہم خرابی صحت کی بناء پرتین روزقبل انہیں ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔



