صوفیہ (شِنہوا) چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک کے اعلیٰ سطح کے تھنک ٹینک دانشوروں کا چھٹا فورم گزشتہ روز منعقد ہوا جس کا موضوع ’’چین اور یورپ کے درمیان مکالمہ: باہمی تعاون کے مواقع کو وسعت دینا اور مشترکہ کامیابی کے روشن مستقبل کو اپنانا‘‘ تھا جس میں بلغاریہ، کروشیا، رومانیہ، سربیا اور دیگر ملکوں سے 100 سے زائد ماہرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی سنٹرل کمیٹی کے انسٹیٹیوٹ آف پارٹی ہسٹری اینڈ لٹریچر کی علمی و اشاعتی کمیٹی کے ڈائریکٹر وانگ جون وے نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ نکات کی تلاش اور باہمی فائدہ مند تعاون کا فروغ ایسے اہم اصول ہیں جو بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے چین کی حکمت عملی کی رہنمائی کرتے ہیں اور چین و یورپ کے تعلقات کی مستحکم پیش رفت یقینی بنانے میں قیمتی تجربے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ اصول مستقبل میں بھی چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک (سی ای ای سی) کے درمیان تعاون میں رہنمائی کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔بلغاریہ میں چین کے سفیر دائی چھنگ لی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ جب تک چین اور یورپ باہمی احترام برقرار رکھیں گے اور مساوی بنیادوں پر مشاورت کریں گے دونوں فریق مسائل کا حل تلاش کرنے اور دوطرفہ مفاد پر مبنی تعاون کے دائرہ کار کو مسلسل وسعت دینے کے قابل رہیں گے۔بلغاریہ کی قومی اسمبلی کی سابق صدر نتالیا کیسلووا نے اپنے کلمات میں کہا کہ سی پی سی کی 20 ویں سنٹرل کمیٹی کے پانچویں مکمل اجلاس نے یہ ثابت کیا کہ سی پی سی کی قیادت میں سچائی کا ساتھ دینے اور اختیارات کا ناجائز استعمال روکنے کی ہمت موجود ہے اور اس سے چینی معاشرے میں اپنی مرکزی قيادت کے مقام کو مسلسل مضبوط بنانے کا پختہ عزم ظاہر ہوتا ہے۔چائنہ پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کے نائب صدر وو ہائی تاؤ نے کہا کہ چین اور یورپ کے درمیان تھنک ٹینک کے تبادلے باہمی دوستی کی عوامی بنیادیں مسلسل مضبوط بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔شرکاء نے چین کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے، چار اہم عالمی انیشی ایٹوز، عالمی سطح پر نظم و نسق اور چین و یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے امکانات اور وژن پر تفصیلی اور وسیع تبادلہ خیال کیا۔افتتاحی فورم 2016 میں منعقد ہوا تھا۔ اس کے بعد سے اس نے چین اور سی ای ای سی کے تھنک ٹینک دانشوروں کے درمیان افکار کے تبادلے اور اتفاق رائے کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔اس سال کے فورم کا اہتمام مشترکہ طور پر سی پی سی کی سنٹرل کمیٹی کے انسٹیٹیوٹ آف پارٹی ہسٹری اینڈ لٹریچر کے سائنسی تحقیقی منصوبہ بندی کے شعبے، بلغاریہ میں چینی سفارت خانے، چائنہ پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن، بلغاریہ نیشنل ایسوسی ایشن فار دی بیلٹ اینڈ روڈ اور صوفیہ یونیورسٹی نے کیا۔
چین اور سی ای ای سی فورم کا باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید فروغ دینے کا مطالبہ



