میلان، اٹلی (شِنہوا) اٹلی کے شہر میلان میں دو پہیہوں والی گاڑیوں کی 83 ویں بین الاقوامی نمائش (ای آئی سی ایم اے 2026) کے دوران چینی موٹر سائیکل ساز کمپنیوں کے سٹالز پر مہمانوں کی آمد مسلسل جاری رہی۔
مہمانوں نے نئی متعارف کرائی گئی موٹر سائیکلوں کی تصاویر بنائیں، ان کے ڈیزائن اور تکنیکی خصوصیات کا بغور جائزہ لیا جبکہ نمائش کے عقب میں قائم کاروباری حصوں میں بھی گفتگو جاری رہی، جہاں بیرون ملک سے آئے ہوئے ڈیلرز ممکنہ کاروباری معاہدوں اور ترسیل کے انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے رہے۔
یہ منظر اس بات کی ایک جھلک پیش کرتا ہے کہ چین کی موٹر سائیکل انڈسٹری یورپ میں کس طرح اپنی پہچان اور اہمیت بڑھا رہی ہے۔
موٹر سائیکل انڈسٹری کے دنیا کے بڑے ایونٹس میں شمار ہونے والی ای آئی سی ایم اے نمائش حال ہی میں میلان میں شروع ہوئی، جس میں چین کے متعدد موٹر سائیکل ساز اداروں نے شرکت کی۔ روایتی ایندھن سے چلنے والی موٹر سائیکلوں سے لے کر الیکٹرک اور جدید سمارٹ ٹرانسپورٹ مصنوعات تک، چینی برانڈز نے اپنے جدید ترین ماڈلز اور تکنیکی پیش رفت پیش کی۔
چینی مینوفیکچررز کے لئے یہ نمائش نئی مصنوعات متعارف کرانے کے موقع سے کہیں بڑھ کر تھی، بلکہ یہ دنیا کی قدیم اور مستحکم موٹر سائیکل منڈیوں میں سے ایک میں اپنی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بھی ایک موقع تھا۔
سی ایف موٹو کے نائب صدر چن ژی یونگ نے بتایا کہ کمپنی نے اس سال کی نمائش میں پانچ نئی مصنوعات پیش کیں، جو گزشتہ برسوں کے دوران کمپنی کی تکنیکی ترقی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے وی 4 ایس آر-آر آر ماڈل نے 315 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار حاصل کی ہے۔
زیڈ ایکس موٹو نے بھی یورپی منڈی کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی نئے ماڈلز متعارف کرائے۔ کمپنی کے شعبہ بیرونی تجارت کے سربراہ ہوانگ چھن نے شِنہوا کو بتایا کہ اس کے 500 آر آر ماڈل کو یورپی یونین کی جانب سے گاڑی کی مکمل قسم کی منظوری (ڈبلیو وی ٹی اے) حاصل ہو چکی ہے اور اس کی موٹر سائیکلیں سپین، فرانس، برطانیہ اور پولینڈ میں ڈیلرز کو فراہم بھی کی جا چکی ہیں۔ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ 2027 کے اختتام تک یورپی منڈی میں 9 ماڈلز متعارف کرائے جائیں۔
یورپی منڈی میں توسیع کی کوششیں صرف روایتی ایندھن سے چلنے والی موٹر سائیکلوں تک محدود نہیں ہیں۔ چینی کمپنیاں الیکٹرک اور سمارٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ نائن بوٹ کے ذیلی برانڈ سیگ وے نے نمائش میں اعلیٰ کارکردگی کی حامل الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے کئی تصوراتی ماڈلز پیش کئے۔ ان میں 800 وولٹ کا ہائی وولٹیج پلیٹ فارم اور کمپنی کا اپنا تیار کردہ سیل ٹو باڈی (سی ٹی بی) چیسس جیسی ٹیکنالوجیز نے صنعتی شعبے کے انجینئرز کی توجہ حاصل کی۔
اٹلی میں بین الاقوامی نمائش کے دوران چینی موٹر سائیکل برانڈز توجہ کا مرکز بن گئے



