علامہ اقبال: ایک منفرد اور عہد ساز شاعر

بڑی مشکل سے ہوتا ہے، چمن میں دیدہ ور پیدا۔ یہ علامہ اقبال کے ایک شعر کا ہی مصرعہ ہے۔ گمان ہے کہ انہوں نے اپنے بارے میں ہی لکھا اور خوب لکھا۔ اس طرح کے دیدہ ور تو صدیوں میں ہی پیدا ہوتے ہیں۔ اور اسی دیدہ ور کا آج یومِ پیدائش ہے۔

علامہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں۔ وہ ایک منفرد فلسفی شاعر اور ایک باکمال سوچ اور فکر کے شاعر ہیں۔ ان کے ہاں ندرتِ بیاں بھی ہے اور قدرتِ زبان بھی ہے۔ ایک جوش بھی ہے اور ایک جذبہ بھی۔ ایک امنگ بھی ہے اور ایک ترنگ بھی۔ وہ ایک خوابیدہ قوم سے مخاطب ہیں جسے یہ ادراک بھی نہ تھا کہ وہ ایک غلام قوم ہے۔ غلام قوم میں رہتے ہوئے اس قوم کو یہ احساس دلانا کہ تم ایک غلام قوم ہو، سب سے مشکل کام ہوتا ہے۔ مگر علامہ اقبال کے جذبۂ حریت اور آزادی کی تڑپ نے اس قوم کو اس طرح جھنجھوڑا کہ وہی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی قوم ہندو اور انگریز سے ایک عدیم النظیر تحریکِ آزادی کی بدولت سرخرو ٹھہری۔

علامہ اقبال کی شاعری زندہ قوموں کے لیے ہے اور یہ صرف عصرِ حاضر کا شاعر ہی نہ ہے بلکہ آنے والے زمانوں کا شاعر ہے۔ اقبال اپنی شاعری میں شاہین، نوجوان مسلم، خودی، عشق، بلند نگاہی، حریتِ فکر وغیرہ کو personify کرتا ہے۔ مسلمانوں خصوصاً نوجوانوں کو ایک تڑپ، اُمنگ اور جہدِ مسلسل کا درس دیتے ہوئے مختلف مواقع پر مختلف پیرائے میں بات کرتا ہے۔

محبت مجھے ان جوانوں سے ہے۔ ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند۔

اقبال مسلمان نوجوانوں کو دنیا میں باعزت زندگی گزارنے، زمانے میں اپنا نام پیدا کرنے کے لیے کیا خوبصورت گُر بتاتے ہیں کہ ایک ولولہ تازہ دلوں میں پیدا ہوتا ہے۔

دیارِ عشق میں اپنا مقام پیدا کر۔ نیا زمانہ نئے صبح و شام پیدا کر۔

خدا اگر دلِ فطرت شناس دے تجھ کو۔ سکوتِ لالہ و گل سے کلام پیدا کر۔

مرا طریق امیری نہیں فقیری ہے۔ خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر۔

علامہ اقبال مسلم نوجوانوں کو کیا ایک ادائے دلبرانہ اور نعرہ مستانہ سے اس کے عظیم اسلاف کی کہانی کس دلکش پیرائے میں بیان کرتے ہیں کہ دل عش عش کر اٹھتا ہے۔

کبھی اے نوجوان مسلم تدبّر بھی کیا تو نے۔ وہ کیا گُردوں تھا ہے، جس کا تو ایک ٹوٹا ہوا تارا۔ تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوشِ محبت میں۔ کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاج سرِدارا۔

اور کبھی یوں گویا ہوئے کہ

جوان ہوں قوم کے میری اگر جسّور و غیّور۔ قلندری میری کچھ کم سکندری سے نہیں۔

اور پھر

افسوس صد افسوس کہ شاہین نہ بنا تو۔ دیکھے نہ تیری آنکھ نے فطرت کے اشارات۔ تقدیر کے قاضی کا یہ فتویٰ ہے ازل سے۔ ہے جرمِ ضعیفی کی سزا مرگِ مفاجات۔

اور پھر اقبال تصوّف کے گہرے رنگ میں ڈوب کر یہ فرماتے ہیں تو سماں ہی بدل جاتا ہے۔

کبھی اے حقیقتِ منتظر نظر آ لباسِ مجاز میں۔ کہ ہزاروں سجدے تڑپ رہے ہیں میری جبینِ نیاز میں۔ تو بچا بچا کے نہ رکھ اسے، ترا آئینہ ہے وہ آئینہ۔ کہ شکستہ ہو تو عزیز تر ہے نگاہِ آئینہ ساز میں۔ میں جو سربسجدہ ہوا کبھی تو زمین سے آنے لگی صدا۔ تیرا دل تو ہے صنم آشنا، تجھے کیا ملے گا نماز میں۔

اقبال گل و بلبل کا شاعر نہ ہے۔ وہ فراق و ہجر میں تڑپانے کی بجائے انسان کو اُمیدِ جانفزا اور حوصلے اور عزم کا درس دیتا ہے۔ وہ خودی کا ایک ایسا دلفریب اور سحر انگیز پیغام دیتا ہے کہ زمانہ دم بخود ہے۔ خودی کا صحیح معنی اور مفہوم تلاش کرتے دہائیاں بیت گئیں، مگر اسے صرف خود شناس ہی سمجھ سکتا ہے۔ جس نے اپنی خودی چند مفادات کے تابع گروی رکھ دی، اُسے اقبال کی خودی سے کیا لینا دینا۔ کیا خوبصورت پیغام ان اشعار میں اُن لوگوں کے لیے کہ جو دُنیاوی مراتب حاصل کرنے کے لیے اپنی عزّت اور خودی پر سمجھوتا کرتے ہیں۔

کسے نہیں ہے تمنائے سروری لیکن۔ خودی کی موت ہو جس میں وہ سروری کیا ہے۔ بتوں سے تجھ کو اُمیدیں، خدا سے نواُمیدی۔ مجھے بتا تو سہی اور کافری کیا ہے۔

اور پھر اسی طرح ایک اور جگہ فرمایا:

خودی میں گم ہے خدائی، تلاش کر غافل۔ یہی ہے تیرے لیے اب صلاح کار کی راہ۔ حدیثِ دل کسی درویشِ بے کلیم سے پوچھ۔ خدا کرے تجھے تیرے مقام سے آگاہ۔

اور پھر ہمارے مذہبی رویّوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کچھ یوں کہا کہ

یہ ذکرِ نیم شبی، یہ مراقبے، یہ سجود۔ تیری خودی کے نگہبان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ خِرد نے کہہ بھی دیا لا الہٰ تو کیا حاصل دل و نگاہ مسلمان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔

اور پھر کہ،

قلب میں سوز نہیں روح میں احساس نہیں۔ کچھ بھی پیغامِ محمّدؐ کا تمہیں پاس نہیں۔

عشق پر اقبال نے بڑے منفرد و جداگانہ اور دلفریب انداز میں طبع آزمائی کی،

جفا جو عشق میں ہوتی ہے وہ جفا ہی نہیں۔ ستم نہ ہو تو محبت میں کچھ مزا ہی نہیں۔

اور

عقل عیّار ہے سو بھیس بدل لیتی ہے۔ عشق بے چارہ نہ ملّا ہے، نہ زاہد، نہ حکیم۔

علامہ اقبال کی زیادہ مؤثر اور انقلابی شاعری اردو کے مقابلہ میں فارسی زبان میں ہے اور ہم فارسی سے نابلد۔ شاید پاکستان سے زیادہ اقبال کو ایران میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔ اقبال آنے والے زمانوں کا شاعر ہے۔ جب اقبال نے یہ کہا کہ،

سبق ملا ہے معراجِ مصطفیٰ ﷺ سے مجھے۔ کہ عالمِ بشریت کی زد میں ہے گردوں۔

تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایک دن انسان فلک کی رنگ برنگی کہکشاؤں سے گزرتا ہوا چاند اور مریخ پر ڈیرے ڈالے گا۔ اسی طرح جب اقبال نے یورپ کی ترقی کی آڑ میں وہاں کی قدیم تہذیب و تمدن کو لرزہ براندام دیکھا تو فرمایا کہ،

تمہاری تہذیب آپ اپنے خنجر سے خودکشی کرے گی۔ جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا نہ پائیدار ہوگا۔

اس طرح کی اور بھی پیشین گوئیاں اقوامِ عالم کے عروج و زوال کی داستانوں کی صورت میں اقبال کے ہاں جگہ جگہ ملتی ہیں۔ علامہ اقبال کی شاعری سمجھنے کے لیے ایک دلِ بینا کی ضرورت ہے۔ اس طرح کی شاعری قوموں کو نئے جذبوں اور نئی امنگوں سے ہمکنار کر دیتی ہے۔ مگر افسوس ہم نے اقبال کی شاعری کو صرف قوالوں اور گانے والوں کے سپرد کر رکھا ہے۔ علامہ اقبال جو پیغام دیتے ہیں، وہ نہ ہمارے حکمرانوں اور نہ ہی اشرافیہ کے وارے میں ہے۔



  تازہ ترین   
امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کیخلاف مواخذے کی قرارداد مسترد
پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی ڈیموکریٹس کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی: امریکی صدر
عمران خان کا پمز ہسپتال میں طبی معائنہ، علاج کے بعد اڈیالہ جیل منتقل
گرپتونت پنوں قتل سازش کیس، امریکی عدالت کا مودی حکومت کو باضابطہ نوٹس
چشمہ 5 منصوبے نے مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرلیا: وزیراعظم
آئزن کوٹ کی نیتن یاہو کی اسرائیلی پارلیمنٹ میں تقریر پر سخت تنقید، شرمناک قرار دیدی
واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایران کا جواب فوری اور جارحانہ ہوگا، قالیباف
بانی پی ٹی آئی اور وکلاء کی ملاقات کل سہ پہر تین بجے ہوگی: ذرائع کا دعویٰ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر