بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا ہے کہ چین جاپان کے سابق وزیراعظم یاسو فوکوڈا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہے۔
گو نے پیر کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ فوکوڈا چین کے دیرینہ دوست تھے اور انہوں نے چین اور جاپان کے تعلقات کو بہتر بنانے اور فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوکوڈا ’’تاریخ کے بارے میں درست نقطہ نظر رکھتے تھے‘‘ اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے لئے پرعزم رہے۔
گونے بتایا کہ فوکوڈا نے ایک موقع پر نشاندہی کی تھی کہ چین اور جاپان کے درمیان طے پانے والی 4 سیاسی دستاویزات میں دوطرفہ تعلقات کے بنیادی اصول واضح کئے گئے ہیں۔ ان اصولوں کو ہمیشہ مدنظر رکھنا چاہیے اور ان سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ ’’ان کے بیانات بہت اہمیت کے حامل تھے اور جاپان کی بزرگ نسل کے مدبر سیاست دانوں کی ساکھ اور احساس ذمہ داری کی عکاسی کرتے تھے۔ جاپانی حکومت چلانے والوں کو اپنے طرزِ عمل کا جائزہ لینا چاہیے اور سنجیدگی سے خود احتسابی کرنی چاہیے۔‘‘
چین کا جاپان کے سابق وزیراعظم یاسو فوکوڈا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار



